محکمہ کو آپریٹو سوسائٹیز میں کرپشن جاری8کو آپریٹو سوسائٹیز کے ایڈمنسٹریٹر تبدیل

یتیموں،بیواؤں کی زمین اورکمرشل پلاٹس غیرقانونی طریقے سے نیلام کیے جانے کا خدشہ ہے،ذرائع

کوآپریٹو سوسائٹیز کی مافیاسرگرم ،بروکرز کے ذریعے زمینوں پر قبضے شروع کردیئے۔فوٹو:فائل

سندھ حکومت کے محکمہ کو آپریٹوسوسائٹیز میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی کرپشن کا سلسلہ جاری ہے۔

چند روز میں 8 کو آپریٹو سوسائٹیز کے ایڈمنسٹریٹر تبدیل کردیے گئے ہیں اور خدشہ ہے کہ یتیموں اور بیوائوں کے پلاٹوں سمیت مختلف سوسائٹیز کے کروڑوں روپے مالیت کے کمرشل پلاٹس غیرقانونی طریقے سے نیلام کردیے جائیں گے،ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے سیکریٹری کو آپریٹو میراعجاز حسین تالپور کو معطل کرنے کی سفارش پر ابھی تک وفاقی حکومت نے عملدرآمد نہیں کیا جس کے بعد کراچی کی درجنوں کوآپریٹو سوسائٹیز کی انتظامیہ کو بلیک میل کرکے مبینہ طور پر بھاری رشوت وصول کی جا رہی ہے، رشوت نہ دینے والی سوسائٹیز کی انتظامیہ کو برطرف کرکے ایڈمنسٹریٹرز تعینات کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، کئی سوسائٹیز کے ایڈمنسٹریٹرز کو کروڑوں روپے مالیت کے رہائشی اورکمرشل پلاٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور نیلامی کے انکار پر برطرف کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سیکریٹری کو آپریٹو نے سپر ہائی وے کے قریب انتہائی قیمتی اراضی رکھنے والی کوئٹہ ٹاؤن کو آپریٹو سوسائٹی میں محمد عظیم ، ایچ ڈی اے کو آپریٹو سوسائٹی میں آصف میمن ، دامن کوہسار کو آپریٹو سوسائٹی میں قادر بلوچ،کاغان کو آپریٹو سوسائٹی میں منیر بیگ ، شہر کی سب سے قیمتی اراضی باتھ آئی لینڈ کی گلشن فیصل کو آپریٹو سوسائٹی میں عالم بیگ ، کے ڈی اے کو آپریٹو سوسائٹی میں سید حاجن شاہ کو ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا ہے جبکہ چند روز میں ایک درجن سے زائد کو آپریٹو سوسائٹیز کے ایڈمنسٹریٹرز وزیر اعلیٰ سندھ ( متعلقہ وزیر ) کی منظوری کے بغیر ہی تبدیل کردیے گئے ہیں ۔




جن کے ذریعے بڑے پیمانے پر کروڑوں روپے کے پلاٹس کی الاٹمنٹ میں تبدیلی کے خدشات ہیں ، ذرائع کے مطابق مختلف کو آپریٹو سوسائٹیز کی مافیا سرگرم ہوگئی ہے اور مختلف بروکرز کے ذریعے کو آپریٹو سوسائٹیز کی زمینوں پر قبضے کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے ، یاد رہے کہ کو آپریٹو سوسائٹیز میں انتہائی کم آمدنی والے افراد نے پلاٹس الاٹ کرائے ہوئے ہیں لیکن سوسائٹیز کی انتظامیہ اور ایڈمنسٹریٹرز اعلیٰ حکام سے مل کر یتیموں اور بیوائوں کے پلاٹس بھی منسوخ کرکے بھاری رشوت دینے والوں کو الاٹ کردیتے ہیں اس ضمن میں اینٹی کرپشن پولیس نے اپنی کارروائی شروع کردی ہے اور انتہائی اہم افسران کی گرفتاری کے بھی امکانات ہیں ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے چیئرمین اینٹی کرپشن کو خصوصی طور پرکوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ میں ہونے والے 10 کروڑ روپے کی خورد برد اور بڑے پیمانے پر غیر قانونی پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے معاملات کی چھان بین کے احکام جاری کردیے ہیں اور واضح کیا ہے کہ حق داروں کو حق دینے کے معاملے کو یقینی بنایا جائے ۔
Load Next Story