دورۂ بنگلہ دیش پاکستان نے گیند کونسل کے کورٹ میں ڈال دی

ہر فیصلہ قبول ہو گا، خود بھی سیکیورٹی صورتحال پر نظر رکھیں گے، چیئرمین بورڈ

ہماری پڑوسی ملک کی صورتحال پر بھی نظر ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورئہ بنگلہ دیش کے حوالے سے گیند انٹرنیشنل کونسل کے کورٹ میں ڈال دی۔

ایڈہاک کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی20کے حوالے سے آئی سی سی کا فیصلہ قبول کریں گے، اس کے ساتھ ہماری پڑوسی ملک کی صورتحال پر بھی نظر ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق امن و امان کی تیزی سے بگڑتی صورتحال نے بنگلہ دیش میں ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی 20 چیمپئن شپ کا انعقاد خطرے میں ڈال دیا ہے، سیکیورٹی خدشات کو جواز بناکر بار بار وعدوں کے باوجود پاکستان آنے سے انکار کرنے والے پڑوسی ملک کیلیے غیر ملکی ٹیموں کا اعتماد حاصل کرنا انتہائی مشکل ہوگیا، خیال کیا جارہا تھا کہ شائد پی سی بی ایونٹس میں شرکت سے انکار کرکے بنگلہ دیش کو وعدہ خلافیوں کا مزا چکھانے کی کوشش کریگا۔




تاہم ایڈہاک کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی20 کے حوالے سے آئی سی سی نے جو بھی فیصلہ کیا ہمارے لئے قابل قبول ہوگا لیکن اس کے ساتھ ساتھ خود بھی بنگلہ دیش کے حالات پر نظر رکھیں گے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دونوں ایونٹس کثیر ملکی ہیں، میزبان ہونے کے ناطے سیکیورٹی کی فراہمی اور تحفظات دور کرنا ایشین کرکٹ کونسل اور آئی سی سی کی ذمہ داری ہے۔ ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں شریک ہونگی، اگر ضرورت محسوس ہوئی تو چاروں ممالک کے کرکٹ بورڈز مل بیٹھ کر بات چیت کے ذریعے کوئی مناسب حل تلاش کرلیں گے، فی الحال میزبانی اور شیڈول میں تبدیلی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔یاد رہے کہ ایشیا کپ کا آغاز 24 فروری سے ہوگا جبکہ ورلڈ ٹوئنٹی20کے مقابلے 16مارچ سے شروع ہونے ہیں۔
Load Next Story