ون ڈے ٹیم کی کمان سنبھالنے مصباح آج دبئی پہنچیں گے

ورلڈ کپ2015 تک قیادت سونپے جانے سے دباؤ کم اور اعتماد میں اضافہ ہوگیا

ایوارڈ نہ ملنے سے مایوسی نہیں ہوئی، نامزدگی ہی بڑے اعزاز کی بات ہے،بیٹسمین۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

قومی ون ڈے ٹیم کی کمان سنبھالنے کیلیے مصباح الحق ہفتے کو دبئی پہنچیں گے،ان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ2015 تک قیادت سونپے جانے سے دبائو کم اور اعتماد میں اضافہ ہوگیا، کھلاڑی بھی ردھم میں آتے جا رہے ہیں،آئی لینڈرز کا شکار کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

مصباح نے جمعے کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں2گھنٹے سے زائد بیٹنگ پریکٹس کی،اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کسی کی صلاحیتوں پر بھروسہ کرکے ذمہ داری دی جائے تو اس کا اعتماد بڑھ جاتا اور دوسروں کو بھی مثبت پیغام ملتا ہے، ورلڈ کپ 2015 تک ٹیم کا کپتان بنائے جانے پر پی سی بی کا شکر گزار ہوں، اس فیصلے سے دبائو میں کمی اور اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ یو اے ای کی کنڈیشنز پاکستان اور سری لنکا دونوں کیلیے یکساں سازگار ہیں،آئی لینڈرز اچھی فائٹ کرتے ہیں لیکن بھر پور تیاری اور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترا جائے تو انھیں زیر کیا جاسکتا ہے۔




کپتان نے کہا کہ اگرکچھ کھلاڑی فارم میں نہیں تھے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ محنت سے گریزکیا تھا،سال کے آغاز میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکستوں نے مورال ڈائون کیا تاہم اب ٹیم ردھم میں آر ہی ہے جس کی بدولت کامیابیاں بھی ملنے لگیں، مصباح نے کہا کہ شاہد آفریدی ایک سال سے بیٹنگ اچھا پرفارم نہیں کر پا رہے تھے لیکن خوشی کی بات ہے کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں عمدہ کم بیک کیا، پیسرز بلاول بھٹی اور انور علی نے اچھی کارکردگی دکھائی جس کا فائدہ ٹیم کو ہوا ہے، احمد شہزاد کے کھیل میں پختگی آگئی، صہیب مقصود کے ساتھ تجربہ کار پلیئرز عمر اکمل اور محمد حفیظ بھی اچھی کارکردگی دکھانے لگے ہیں۔ ایک سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ آئی سی سی ایوارڈ نہ ملنے کی وجہ سے مجھے کوئی مایوسی نہیں ہوئی، نامزدگی ہی بڑے اعزاز کی بات ہوتی ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیم ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئے سال میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریگی۔
Load Next Story