بولٹ نے ویسٹ انڈین بیٹنگ کے کس بل نکال دیے

پیسر نے ویلنگٹن میں 10 وکٹیں لے کر نیوزی لینڈکواننگز اور 73 رنز سے فتح دلائی

فالوآن کا شکار ہونے والی مہمان سائیڈ دوسری باری میں175رنز تک محدود رہی ۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI:
ٹرینٹ بولٹ نے ویسٹ انڈین بیٹنگ کے کس بل نکال دیے، لیفٹ آرم پیسر نے ویلنگٹن ٹیسٹ میں10وکٹیں لے کر نیوزی لینڈ کو اننگز اور73 رنز سے فتح دلائی، بیس ریزرو میں میچ کا فیصلہ تیسرے ہی روز ہوگیا۔

فالوآن کا شکار ہونے والی مہمان سائیڈ دوسری باری میں175رنز تک محدود رہی، میزبان نے ایک سال سے زائد عرصے بعد کوئی ٹیسٹ جیتا۔ تفصیلات کے مطابق دوسرے ٹیسٹ میں بولٹ کی کیریئر بیسٹ بولنگ نے کیریبیئن بیٹنگ کو تہس نہس کر دیا، تیسرے دن مہمان ٹیم کی16 وکٹیں گریں جس کی بدولت کیویز نے اننگز سے فتح حاصل کی، برینڈن میک کولم کو11میچز میں پہلی بار فاتح قائد بننا نصیب ہوا،13ماہ قبل جب نیوزی لینڈ نے آخری میچ جیتا تو کپتان روس ٹیلر تھے، جمعے کو ویسٹ انڈیز نے4وکٹ پر 158 سے نامکمل اننگز کا آغاز کیا اور193پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔




مارلون سموئلز نے 60رنز بنائے، قبل ازیں اوپنر کرک ایڈورڈز نے 55 کی اننگز کھیلی تھی، بولٹ نے 40رنز کے عوض 6پلیئرز کو میدان بدر کیا، انھوں نے آخری 4 وکٹیں 6گیندوں کے دوران لیں، فالوآن کی رسوائی کے بعد دوسری اننگز میں مہمان ٹیم کو74رنز کا آغاز ملا تو فائٹ بیک کی امید ہونے لگی مگر پھر اسکور 175تک پہنچا تو اننگز کا اختتام ہو چکا تھا، اوپنر ایڈورڈز نے 35اور پاول نے 36رنز بنائے، بولٹ نے 40رنز دے کر 4 وکٹیں لیں، انھوں نے نیل ویگنر کی گیند پر ڈائیو لگا کر ایک ہاتھ سے دنیش رامدین کا شاندار کیچ بھی لیا، یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے واحد اننگز میں 441 رنز اسکور کیے تھے۔
Load Next Story