پی پی کراچی پر کیا قبضہ کرے گی ہم تو حکومت بھی ان سے لے لیں گے مصطفیٰ کمال

سندھ دھرتی کے دل کراچی کو تقسیم نہیں ہونے دینگے، چیئرمین پاک سر زمین پارٹی

سندھ دھرتی کے دل کراچی کو تقسیم نہیں ہونے دینگے، چیئرمین پاک سر زمین پارٹی۔ فوٹو : ایکسپریس

پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی پر قبضہ کیا کرے گی ہم سندھ حکومت بھی ان سے لے لیں گے۔

سید مصطفی کمال نے پیپلز پارٹی کی تعصب زدہ سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں نئے اضلاع کے قیام اور کراچی دشمنی کے خلاف شدید بارش کے باوجود کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا اب سندھ کارڈ چلے گا نہ مہاجر کارڈ چلے گا بلکہ اب صرف پی ایس پی کا کارڈ چلے گا! پاک سر زمین پارٹی نہ سندھ کی دھرتی ماں کو تقسیم ہونے دے گی اور نہ ہی اس ماں کے دل کراچی کو تقسیم ہونے دے گی۔


انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی پر قبضہ کیا کرے گی ہم سندھ حکومت بھی ان سے لے لیں گے، پیپلز پارٹی اپنی سیاست کی بقاکی خاطر صوبے میں لسانیت کی آگ لگا رہی ہے، ہم پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی جانب سے مہاجروں اور سندھیوں کو لڑوا کر انتخابات میں اس کا فائدہ اٹھانے کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔

چیئرمین پاک سر زمین پارٹی نے کہا کہ کراچی کے بغیر پیپلز پارٹی کا سندھ کارڈ ادھورا ہے، اس لیے یہاں قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ،میں مراد علی شاہ سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ نے کراچی کے پہلے چھ ڈسٹرکٹس میں دودھ کی نہریں بہا دیں ہیں جو ساتواں ڈسٹرکٹ بھی بنادیا، پیپلز پارٹی والے اگر واقعی سندھیوں کے ہمدرد ہوتے تو صبر کر لیتے لیکن یہ مہاجروں سمیت سندھیوں کے بھی قاتل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کی تقسیم کے خلاف ہر فورم پر جائیں گے، کراچی ہے تو پاکستان ہے! کراچی کی تباہی پاکستان کی تباہی ہے۔ ریاستی اداروں کو کہتا ہوں کہ آئیں اور پاکستان کو بچائیں۔
Load Next Story