ٹیکس چوری کا انکشاف شوگر ملز میں ٹیکس افسران تعینات کرنے کا فیصلہ

ایف بی آرشوگرملزسے چینی کی سپلائی اورٹیکس وصولی کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے گا، دستاویز

ریونیو افسران شوگر ملوں کی چینی کی پیداوار،موجود ذخائر اور فروخت کی پوزیشن کو مانیٹر کریں گے، فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ٹیکس چوری روکنے کے لیے ملک بھر کی شوگر ملوں میں ان لینڈ ریونیو افسران تعینات اور شوگر ملز سے چینی کی سپلائی اور اس پر ٹیکس وصولی کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔جبکہ ایف بی آر کے اپنے افسران کی نگرانی کے لیے بھی خصوصی ویجیلنس ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔


''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق یہ فیصلہ شوگر ملز کی طرف سے بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کا انکشاف ہونے کے بعد کیا گیا ہے، شوگر ملوں میں تعینات کیے جانے والے ان لینڈ ریونیو افسران شوگر ملوں کی چینی کی پیداوار،موجود ذخائر اور فروخت کی پوزیشن کو مانیٹر کریں گے، شوگر ملوں میں ان لینڈ ریونیو افسران کی تعیناتیوں کے احکام متعلقہ لارج ٹیکس پیئر یونٹس اور ریجنل ٹیکس آفسز کے چیف کمشنرز سیلز ٹیکس ایکٹ 1990کی سیکشن 40 بی کے تحت جاری کریں گے، تعناتیوں کے لیے افسران کا انتخاب ان کی انٹیگریٹی اور کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائیگا تاکہ ٹیکس چوری روکنے کے لیے شوگر ملوں کے اسٹاک، پیداوار اور فروخت کی صاف و شفاف طریقے سے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جاسکے۔

ان لینڈ ریونیو افسران شوگر ملوں کی پورے ہفتہ اور دن کے 24گھنٹے مانیٹرنگ کریں گے ،ان افسران کو ضروری لاجسٹک سپورٹ اور ٹریولنگ و ڈیلی الاؤنسز بھی دیے جائیں گے۔ دستاویز کے مطابق مانیٹرنگ ٹیمیں شوگر ملوں کی پیداواری صلاحیت کے بارے میں اعدادوشمار اکھٹا کریں گی اور ملزکی گنے کی خریداری، فیول کے اخراجات، بجلی کے بلز، چینی کے لیے خریدنے جانے والے تھیلوں کے ڈیٹاسمیت دیگر اہم معلومات پر مبنی تجزیاتی رپورٹ تیار کریں گی تاکہ ملز کی پیداوار وموازنہ کیاجاسکے۔ دستاویز کے مطابق خصوصی ویجیلنس ٹیمیں شوگر ملوں میں تعینات ان لینڈ ریونیو افسران کی نگرانی کریں گی اور یہ دیکھیں گی کہ کیا ان لینڈ ریونیو افسران اپنے فرائض درست طور پر سرانجام دے رہے ہیں۔ دستاویز میں بتایا کہ ان لینڈ ریونیو افسران کو شوگر ملزکی مانیٹرنگ کے بارے میں ہفتہ وار بنیادوں پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو رپورٹ بھجوانا ہوگی۔
Load Next Story