پاکستان مجھے بہت پسند ہے اتنی شہرت ملے گی کبھی سوچا نہ تھا نیہا دھوپیا

شوبز کی دنیا کی حیرت انگیز چمک دمک میں وہ جادو چھپا ہے جو ہر کسی کو اپنی جانب متوجہ کر لیتا ہے، بھارتی اداکارہ

کم فنکار ہی اپنے کام کی وجہ سے پہچان بناتے اور لوگوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں،ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ نیہا دھوپیا کہتی ہیں کہ شوبز کی دنیا میں جب تک چٹ پٹی خبریں منظرعام پر نہ آئیں اس وقت تک اس شعبے کا رنگ پھیکا لگتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار نیہادھوپیا نے''نمائندہ ایکسپریس''سے فون پر گفتگو کے دوران کہا کہ معاشقے، اسکینڈلز اور اسی طرح کا پروپیگنڈا شوبز کا حصہ ہیں، کچھ لوگ ان کی وجہ سے بدنام ہو جاتے ہیں اور کچھ لوگ شوبز میں زندہ رہنے کے لیے ان ہی کا سہارا لیتے ہیں۔ شوبز کی چمکتی دمکتی دنیا میں بہت کم فنکار ایسے ہوتے ہیں جو صرف اور صرف اپنے کام کی بدولت پہچان بناتے ہیں، وگرنہ اکثریت کو ان ہی فارمولوں کے ذریعے اپنی جگہ بنانا پڑتی ہے، جہاں تک بات بالی ووڈ میں بدلتے رجحانات کی ہے تو اس طرح کی تبدیلیاں پوری دنیا میں رونما ہوتی رہتی ہیں، آج جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ فلمیں بنانے کو ترجیح دی جا رہی ہے جب کہ چند برس پہلے تک لواسٹوری فلموں کیوجہ سے بھارتی فلمیں دیکھی اور پسند کی جا رہی تھیں، آنیوالے چند برسوں میں مزید تبدیلیاں رونما ہونے کی توقع ہے، پھر جو لوگ وقت کے ساتھ چلتے ہوئے کام کریں گے، وہ یہاں رہیں گے اور جو وقت کے ساتھ نہ چل سکے ان کا نام ونشان تک نہیں دکھائی دے گا۔


بھارتی اسٹار کا کہنا تھا کہ شوبز کی دنیا کی حیرت انگیز چمک دمک میں وہ جادو چھپا ہے جو ہر کسی کو اپنی جانب متوجہ کر لیتا ہے، خاص طور پر جوانی میں قدم رکھنے والے نوجوان تو شوبز کی دنیا سے بہت متاثر ہوتے ہیں، مجھے بھی بچپن سے ہی شوق تھا کہ فلموں میں کام کروں اور میری ایک الگ پہچان بنے، لیکن گھر والوں کی طرف سے اپنے شوق کو پورا کرنے کے ساتھ تعلیم پرخاص توجہ دینے کی ہدایات تھیں، میں نے اپنی تعلیم جاری رکھی اور ہمیشہ نمایاں اسٹوڈنٹ رہی، جب میں نے مس انڈیا کا ٹائٹل اپنے نام کیا تو پھر بالی ووڈ کے دروازے میرے لیے کھل گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے کیرئیر کے دوران مختلف ہدایتکاروں، فنکاروں کے ساتھ کام کیا اور پبلک کی طرف سے بہت اچھا رسپانس ملا۔ ''جولی'' فلم سے ایک منفرد پہچان بنی بلکہ اکثر لوگ تو مجھے جولی کے نام سے ہی پکارنے لگے، لوگوں کی طرف سے ملنے والا رسپانس بہت اچھا لگنے لگا، میں نے جب شوبز میں قدم رکھا تو کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایک دن ایسا بھی آئے گا کہ میں جہاں کہیں بھی جائونگی تو لوگ مجھ سے آٹوگراف لیں گے، تصاویر بنوائیں گے اور اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کرینگے، یہ سب شوبز کی کرامات ہی ہیں۔ جہاں تک بات اس پروفیشن میں آگے بڑھنے کے لیے منفی ہتھکنڈوں کی ہے تو وہ لوگ جو ان کا سہارا لیتے ہیں وہ لمبی اننگز نہیں کھیل پاتے۔

اس کی بہت سی مثالیں ہمارے سامنے ہیں کہ جن لوگوں نے سکینڈلز کا سہارا لیا وہ چند برسوں بعد کہیں کھو چکے ہیں، جب کہ جن لوگوں نے کام کرتے ہوئے اپنی جگہ بنائی وہ آج بھی لوگوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں نیہادھوپیا نے بتایاکہ پاکستان مجھے بہت پسند ہے، وہاں میرے چاہنے والوں کی بڑی تعداد کے ساتھ میرے بہت قریبی دوست بھی رہتے ہیں۔ جن سے فون پر رابطہ رہتا ہے اور جب کبھی پاکستان آنے کا موقع ملے تو ان کے ساتھ گزرے لمحات بہت یادگار بن جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کئی برس قبل میں نے پاکستان کی معروف ڈیزائنر بی جی کے ساتھ کام کیا تھا اور اس موقع پر ایک فوٹوشوٹ بھی کیا گیا تھا۔ جس کا اچھا رسپانس سامنے آیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ میں تین نئے پراجیکٹس میں اہم کردار ادا کر رہی ہوں، لیکن معاہدے کے مطابق فی الحال ان کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کر سکتی، لیکن 2014ء میں دو فلموں میں اہم کرداروں میں دکھائی دونگی۔

نیہا نے مزید بتایا کہ میں نے جہاں فلموں میں اداکاری کی ، وہیں ماڈلنگ کے شعبے میں بھی بہت سا کام کیا۔ اس کے علاوہ دنیا کے بیشترممالک میںہونے والے گرینڈ پروگراموں میں بھی بالی ووڈ کے معروف ستاروں کے ساتھ پرفارم کیا۔ یہ سب شوبزسے وابستگی کی بدولت ہی ممکن ہوسکا تھا۔ شوبزکا پروفیشن دنیا کا منفرد اورمشکل ترین شعبہ ہے، اس میں کام کرنے والے لوگ بہت انوکھے ہوتے ہیں، یہ لوگ کسی اور شعبے میں تو کام کر سکتے ہیں لیکن کسی دوسرے شعبے میں کام کرنیوالے کیمرے کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات نہیں کر سکتے، اس لیے شوبز کو آسان سمجھنے والے یہ بات بخوبی جان لیں کہ یہ دنیا کا مشکل ترین کام ہے جو ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔
Load Next Story