ڈرگ اسمگلروں نے کراچی کو استعمال کرنا بند کردیا بریگیڈیئر ابوذر

اینٹی نارکوٹکس فورس کے اقدامات کے باعث اسمگلر اسمگلنگ کے لیے بلوچستان کا ساحلی راستہ استعمال کر رہے ہیں

روڈ تھیٹر کا مقصد منشیات کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے،روڈ شو کے اختتام پرفورس کمانڈر بریگیڈیئر ابو ذر کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے فورس کمانڈر بریگیڈیئر ابوذر نے کہا ہے کہ منشیات کے بڑے اسمگلروں نے کراچی کو استعمال کرنا بند کر دیا ہے۔

انھوں نے یہ بات اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ اور غیر ملکی انسٹیٹیوٹ (جی او ای ٹی ایچ ای) کے اشتراک سے انسداد منشیات کے حوالے سے سی ویو فلوٹن شپ پر منعقدہ روڈ تھیٹر شو کے اختتام کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انھوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے باعث منشیات کے بڑے اسمگلروں نے کراچی کو استعمال کرنا بند کر دیا ہے، اب منشیات کے بڑے اسمگلر صوبہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں کے راستے استعمال کر رہے ہیں، انھوں نے بتایا کہ روڈ تھیٹر کا مقصد زیادہ سے زیادہ شہریوں میں منشیات کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے، جس طرح کراچی میں روڈ تھیٹر شو منعقدہ کیے جا رہے ہیں اسی طرح سندھ بھر میں کھیلوں کے مقابلے، جوڈو کراٹے، باڈی بلڈنگ اور دیگر تقریبات بھی جلد منعقد کی جائیں گی، اس سلسلے میں منصوبہ بندی کر لی گئی ہے، تقریب کے دوران تھیٹر شو کے ذریعے بتایا گیا کہ نشے کا عادی شخص کس طرح منشیات کا غلام ہو جاتا ہے، اس کے بعد منشیات کے عادی شخص کی حالت کیا ہوتی ہے اور وہ کس طرح زندگی بسر کرتا ہے۔




تھیٹر کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ نئی نسل میں منشیات کی لعنت اور اس کی تباہ کاریوںکو کیسے اجاگر کیا جاسکتا ہے اور کیسے معاشرے کو اس سے پاک رکھا جا سکتا ہے، تقریب میں اداکار فیصل قاضی بھی شریک ہوئے جنھوں نے خود سگریٹ نوشی سے کنارہ کشی اختیارکرتے ہوئے بتایا کہ وہ آج کے بعد سگریٹ استعمال نہیں کریں گے، اے این ایف حکام کے مطابق انسداد منشیات کے حوالے سے روٖڈ تھیٹر شو16دسمبر کو دو پہر ڈیڑھ بجے شون سر کل کلفٹن سینٹر کے قریب اور شام ساڑھے4 بجے ہائیپر اسٹار مارکیٹ پارکنگ ایریا کے قریب منعقد کیا جائے گا، 17دسمبر کو صبح 10بجے فیز 6 ڈیفنس اتھارٹی شیخ خلیفہ بن ضیاد کالج اور دو پہر ڈیڑھ بجے کھڈا مارکیٹ کے قریب روڈ تھیٹر شو کیا جائے گا،20 دسمبر کو ساڑھے9 بجے آرٹس اینڈ سائنس کالج اکیڈمی اور اسی روز دو پہر12بجے ایم اے ٹی آر سی سینٹر میں روڈ تھیٹر شو کیا جائے گا، 22 دسمبر کو3 بجے گرین وچ یونیورسٹی کے قریب روڈ تھیٹر شو کا انعقاد کیا گیا ہے، اینٹی نارکوٹکس فورس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ روڈ تھیٹر شو میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں میں منشیات کے حوالے شعور اجاگر کیا جائے۔
Load Next Story