کورنگی میں نوجوان کا قتل ملزم اور قتل کروانے والی لڑکی گرفتار

وقوعہ کے وقت اریبہ ہی نے ٹیلی فون کال کرکے منیف کو جائے وقوعہ پر بلایا تھا، تفتیشی حکام

قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی(فوٹو، فائل)

کورنگی میں نوجوان کے قتل میں ملوث دوسرا ملزم بھی گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کی نشاندہی پر اس سے قتل کروانے والی لڑکی بھی قانون کے شکنجے میں آگئی۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل کورنگی زمان ٹائون کے علاقے میں فائرنگ سے منیف نامی نوجوان ہلاک ہوگیا تھا ، واقعے کی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی ، پولیس نے موٹر سائیکل چلانے والے ملزم نعمان کو جمعہ کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد ہفتہ کو پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم شاہ رخ کو بھی گرفتار کرلیا۔


پولیس حکام کا کہنا ہے ملزم شاہ رخ سے جب تفتیش کی گئی تو اس نے بتایا کہ وہ کورنگی کی مقامی فیکٹری میں ملازمت کرتا ہے جہاں اس کی اس کے ساتھ کام کرنے والی اریبہ نامی لڑکی سے دوستی ہوگئی تھی ، اریبہ نے اسے بتایا کہ اس کا پرانا دوست منیف اسے بلیک میل کررہا ہے کہ وہ اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کردے گا جس پر اس نے منیف کو قتل کردیا۔ وقوعہ کے وقت اریبہ ہی نے ٹیلی فون کال کرکے منیف کو جائے وقوعہ پر بلایا تھا۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ ملزمان نے منیف کا موبائل فون بھی آگے جاکر نالے میں پھینک دیا تھا ، یاد رہے کہ واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 560/2020 بجرم دفعہ 302/397/34 (قتل اور ڈکیتی) کے تحت مقتول کے والد محمد شعیب کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے ۔ واضح رہے کہ اس قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوچکی ہے۔
Load Next Story