ڈیفنس ویو قبرستان میں بارش کا پانی جمع قبریں بیٹھ گئیں

پانی میں ڈوبے ہوئے قبرستان میں  اخترکالونی،منظور کالونی، ڈیفنس ویو ودیگر علاقوں کے مکینوں کے پیاروں کی قبریں ہیں

ڈیفنس ویو کے قبرستان میںمسلمانوں اور عیسائیوں کی قبریں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں،کئی قبرستانوں میں بارش کا پانی جمع ہے۔ فوٹو: فائل

مون سون کی طوفانی بارشوں نے کراچی کی بستیوں کو شدید متاثر کیا جب کہ کئی علاقوں میں تاحال معمولات زندگی مکمل بحال نہ ہوسکے۔

کراچی کی انتظامیہ بھی بے دست و پا نظر آ ئی، بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے جہاں اکثر رہائشی بستیوں کے مکین شدید متاثر ہوئے وہیں قبرستان بھی محفوظ نہ رہ سکے۔

ضلع شرقی جمشید ٹاؤن کے علاقے اختر کالونی، منظور کالونی، رحمن کالونی، جونیجو ٹاؤن اور ڈیفنس ویو کے واحد قبرستان کا حال بھی انتہائی ابتر ہو چکا ہے،قبرستان پوری طرح سے ایک جھیل کا منظر پیش کر رہا ہے،پانی سے قبروں کوشدید نقصان پہنچ رہا ہے، بارش کے پانی کی وجہ سے کئی قبریں بیٹھ گئی ہیں،بعض قبریں دھنس گئیں۔


لواحقین کو اپنے پیاروں کی قبروں کی تلاش میں شدید پریشانی کا سامنا ہے، ڈیفنس ویو کے قبرستان میں دفنائے گئے مردوں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کے حوالے سے قبرستان کی انتظامیہ کو بارہا نشان دہی کرائی جا چکی ہے، مگرانتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے، اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ و تدفین کے لیے آنیوالے عزیز و اقارب انتہائی کرب کا شکار اور انتظامیہ سے داد رسی کے طالب ہیں۔

اس اہم مسئلے کے حوالے سے علاقہ مکین دو مرتبہ منتخب ہونے والے صوبائی وزیر سعید غنی سے بھی انتہائی نالاں اور شاکی نظر آتے ہیں۔اب جبکہ بلدیاتی اداروں میں ایڈمنسٹریٹر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے تو کراچی کے عوام نے ایڈمنسٹریٹر افتخار شالوانی اور ضلع شرقی کے ڈپٹی کمشنر محمد علی شاہ سے اپنے مسائل کے حل کی امید باندھ لی ہے۔

ایڈمنسٹریٹر اور ڈپٹی کمشنر کا فرض ہے کہ وہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوامی امنگوں پر پورا اتریں، عوامی و فلاحی نوعیت کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں۔

واضح رہے کہ ڈیفنس ویو کا قبرستان مذکورہ بالا علاقوں میں رہائش پذیرکرسچن اور مسلم کمیونٹی کا واحد قبرستان ہے، جس کے دونوں ہی حصے بارشوں کے باعث شدید متاثر ہوئے ہیں اور دونوں ہی حصوں میں اب تک بارش کا پانی گھٹنوں گھٹنوں کھڑا ہوا ہے۔
Load Next Story