شہری کو زخمی کر کے فرار ہونیوالے 2 ڈاکو مقابلے میں مارے گئے

صفورامیں موٹرسائیکل سوار2ڈاکوؤں نے شاہ محمدسے لوٹ مارکی اورمزاحمت پرفائرنگ کرکے زخمی کردیا،ایس ایس پی ایسٹ

سپرہائی وے کے قریب دونوں ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے،شناخت عامراورسبحان کے نام سے ہوئی،ساجدسدوزئی۔ فوٹو: فائل

سپرہائی وے کے قریب پولیس مقابلے میں2ڈاکومارے گئے جب کہ ایک پولیس اہلکارزخمی ہوگیا۔

جمعرات کی صبح صفورا میں موٹر سائیکل سوار2 ڈاکوؤں نے شہری سے لوٹ مارکی اور مزاحمت پر فائرنگ کرکے اسے زخمی کردیاا ورفرار ہونے لگے۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق 35سالہ شہری شاہ محمد جرار ولد شفیع جرار نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جس پر قریبی موجود پولیس موبائل نے پہنچ کرڈاکوؤںکا تعاقب شروع کردیا، پولیس موبائل کوآتادیکھ کرموٹرسائیکل پر سوار ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار25سالہ اسرار ولد گلزار زخمی ہوگیا۔


اس دوران پولیس اورڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا اور ڈکیت سپر ہائی وے کے قریب پہنچ گئے جہاں دونوں ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔

ایس ایس پی ساجد سدوزئی نے مزید بتایاکہ ڈاکوؤںکے قبضے سے شہری کاموبائل فون، دو پستول اور موٹر سائیکل برآمدکرلی گئی، ڈاکوؤںکوزخمی شہری نے بھی شناخت کیا ہے۔

ڈاکوؤں کی شناخت عامر اور سبحان کے نام سے کی گئی ہے جبکہ ان کے قبضے سے برآمد ہونے والی موٹر سائیکل بھی چھینی ہوئی ہے، پولیس ان کے بارے میں مزید چھان بین کررہی ہے ۔
Load Next Story