حکومت علامہ ناصر عباس کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرے

مجلس وحدت المسلمین کے تحت ناصر عباس کی ٹارگٹ کلنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرے

انچولی :شارع پاکستان پر شہری علامہ ناصر عباس کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے مظاہرہ کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

علامہ ناصر عباس کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام انچولی سوسائٹی، ملیر جعفر طیار سمیت دیگر مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے، مظاہرین نے لاہور میں شہید کیے جانے والے معروف ذاکر علامہ ناصر عباس کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ علامہ ناصر عباس کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے، ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں مولانا صادق رضا تقوی، مولانا علی انور جعفری، سید علی حسین نقوی، احسن عباس و دیگر احتجاجی مظاہروں سے خطاب کیا۔




ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکریٹری جنرل حسن ہاشمی نے کہا کہ حکومت دہشت گردوں سے خوفزدہ ہونے کے بجائے ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے اور ناصر عباس کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرے، مولانا صادق رضا تقوی کا کہنا تھا کہ حکومت اور ریاستی ادارے دہشت گردو ں کی پشت پناہی کرنا چھوڑ دیں اور پاکستان کے شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنائیں، انھوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں نصاب تعلیم میں سے دہشت گردانہ مواد کا خاتمہ یقینی بنائیں اور ملک کو امن کا گہواراہ بنانے میں اپنا عملی کردار ادا کریں، سید علی حسین، مولانا علی انور جعفری رضا نقو ی اور دیگر نے کہا کہ علامہ ناصر عباس کے قتل میں ملک دشمن اور اسلام دشمن قوتیں ملوث ہیں۔
Load Next Story