پرتھ ٹیسٹ انگلش ٹیم کی مزاحمت آخری ہچکیاں لینے لگی

ورلڈ ریکارڈ 504 کا ہدف عبور کرنے کیلیے مزید 253رنزکی ضرورت، 5وکٹیں باقی،بین اسٹوکس 72 پر ناقابل شکست

پرتھ ٹیسٹ:چوتھے روز آسٹریلوی وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن دائیں جانب ڈائیو لگا کر انگلش بیٹسمین جوئے روٹ کا کیچ تھام رہے ہیں۔فوٹو:گیٹی امیجز

تیسرے ایشز ٹیسٹ میں انگلش مزاحمت آخری ہچکیاں لینے لگی، ورلڈ ریکارڈ 504 رنز کا ہدف عبور کرنے کیلیے ابھی مزید 253 رنز درکار ہیں،آسٹریلیا کو ٹرافی پر حق جتانے کیلیے مزید 5 وکٹیں گرانی ہوں گی، دوسری اننگز میں انگلینڈ کے 251 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے۔

کپتان الیسٹرکک اپنے سنچری میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے، ای ین بیل نے 60 رنز بنائے، بین اسٹوکس 72 رنز کیساتھ ناممکن کو ممکن کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں، میٹ پرائر نے 7 رنز کیساتھ دوسرا اینڈ سنبھالا ہوا ہے، اس سے قبل آسٹریلیا نے 369 رنز 6 وکٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئرڈ کی، شین واٹسن نے بھی سنچری بنائی۔ تفصیلات کے مطابق ایشز سیریز کے ابتدائی دونوں میچز ہارنے کے باوجود انگلینڈ کی بیٹنگ لائن اپنے قدموں پر کھڑی نہیں ہوپائی، اب تیسرے میچ میں بھی مایوس کن پرفارمنس کی وجہ سے شکست کے آثار نمایاں ہوگئے ہیں، فتح کیلیے ٹیم کو 504 رنز کا ٹارگٹ ملا جس کے جواب میں کپتان الیسٹر کک پہلی ہی گیند پر ریان ہیرس کا شکار بن گئے، دوسرے اوپنر مائیکل کیربیری اس بار بھی وکٹ پر کافی سیٹ دکھائی دے رہے تھے۔




مگر اس سے پہلے کہ ان سے کچھ توقعات وابستہ کی جاتیں31 رنز پر شین واٹسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیدیے گئے، جلد ہی جوئے روٹ 19 رنز پر مچل جونسن کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے، انھوں نے نجانے کیا سوچ کر فیصلے کو چیلنج کردیا، حالانکہ ری پلیز میں گیند بیٹ سے ٹکراتی ہوئی صاف دکھائی دے رہی تھی، وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن نے ڈائیو لگا کر صفائی سے کیچ تھاما تھا، کیون پیٹرسن 45 رنز پر لیون کی گیند پر ہیرس کا کیچ بنے، ای ین بیل اور بین اسٹوکس نے آسٹریلوی بولرز کے سامنے دیوار بننے کی کوشش کی اور کسی حد تک کامیاب بھی رہے۔

مگر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 99 رنز جوڑ کر یہ جوڑی ٹوٹ گئی، بیل 60 رنز پر سڈل کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، جب چوتھے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو انگلینڈ نے 5 وکٹ پر 251 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے دوسری اننگز 6 وکٹ 369 رنز پر ڈیکلیئرڈ کی، اسٹیون اسمتھ دن کے آغاز میں ہی 15 رنز پر اسٹوکس کی گیند پر متبادل پلیئر بیئر اسٹو کے ہاتھوں کیچ ہوئے، 29 رنز سے کھیل کا دوبارہ آغاز کرنیوالے شین واٹسن برق رفتار 103 کی اننگز کھیل کررن آؤٹ ہوئے، بریڈ ہیڈن (5) ٹم بریسنن کی گیند پر سوان کا کیچ بنے ، جارج بیلی 39 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بریسنن اور اسٹوکس نے 2،2 وکٹیں لیں۔
Load Next Story