جارج بیلی نے جیمز اینڈرسن کے14طبق روشن کر دیے

کینگرو بیٹسمین نے ایک ہی اوور میں 28 رنز جڑ کرلارا کا10برس پرانا ریکارڈ توڑ دیا

کینگرو بیٹسمین نے ایک ہی اوور میں 28 رنز جڑ کرلارا کا10برس پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔فوٹو:گیٹی امیجز

آسٹریلوی کرکٹر جارج بیلی نے جیمز اینڈرسن کے14طبق روشن کر دیے، ایک ہی اوور میں 28 رنز جڑ کر برائن لارا کا 10برس پرانا ریکارڈ برابر کردیا۔


تفصیلات کے مطابق تیسرے ایشز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں جارج بیلی کو اس بات کا پورا احساس تھا کہ کپتان مائیکل کلارک جلد اننگز ڈیکلیئرڈ کرنا چاہتے ہیں، مگر اس بات کے بھی منتظر ہیں کہ برتری 500 سے تجاوز کرجائے، بیلی نے اپنے قائد کا کام آسان کرنے کیلیے حریف سائیڈ کے منجھے ہوئے بولر جیمز اینڈرسن کا انتخاب کیا، انھوں نے اس اوور میں 28 رنز بناکر ٹیسٹ اوور میں سب سے زیادہ رنز کا برائن لارا کا ریکارڈ برابر کردیا۔ بیلی نے پہلی گیند پر چوکا اور دوسری پر چھکا جڑا، تیسری پر 2 رنز لیے، اگلی بال پر چوکا اور پھر مسلسل2 چھکے رسید کیے، یہ ان کے کیریئر کا تیسرا ٹیسٹ ہے۔ اس سے قبل برائن لارا نے 2003-04 میں جوہانسبرگ میں جنوبی افریقہ کیخلاف لیفٹ آرم اسپنر روبن پیٹرسن کو 28 رنز جڑے اور اس اوور میں2 چھکے اور 4 چوکے لگائے تھے۔

شاہد آفریدی اس فہرست میں 27 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، انھوں نے 2006 میں بھارت کیخلاف لاہور ٹیسٹ میں ہربھجن سنگھ کو نشانہ بنایا، ابتدائی4 گیندوں پر انھوں نے مسلسل چھکے جڑے اور پھر ایک ڈبل اور سنگل رن لینے کی وجہ سے وہ لارا سے ایک رن پیچھے رہ گئے۔ آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پرتھ ٹیسٹ میں فتح کیلیے 504 رنز کا ہدف دیا، اس طرح وہ مسلسل تیسرے ٹیسٹ میں 500 سے زائد رنز کا ٹارگٹ دینے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی، پہلے ٹیسٹ میں اس نے انگلینڈ کو 561 اور دوسرے میں531 رنزکا ہدف دیا تھا۔ الیسٹرکک سنچری ٹیسٹ میں دوسری اننگز کی پہلی گیند پر صفر پر آئوٹ ہونے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے۔
Load Next Story