2017 انڈر 17ورلڈ کپ بھارت نے میزبانی کیلیے تیاریاں تیز کردیں

حکام نے2015 اور 2016 کے فیفا کلب ورلڈ کپ کے انعقادکو بھی ہدف بنالیا

کولکتہ اورممبئی کے ساتھ ساتھ نئی دہلی، بنگلور، پونے ، گوا ، کوچی اور گوہاٹی کو ایونٹ کیلیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

بھارت نے2017 فیفا انڈر17ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے تیاریاں تیز کردی ہیں، ایونٹ کی الاٹمنٹ سے حوصلہ پاکر حکام نے2015 اور 2016 کے فیفا کلب ورلڈ کپ کو بھی ہدف بنالیا ہے۔

کولکتہ اورممبئی کے ساتھ ساتھ نئی دہلی، بنگلور، پونے ، گوا ، کوچی اور گوہاٹی کو ایونٹ کیلیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، میچز صرف 6 شہروں میں کرائے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کو2017 فیفا انڈر17ورلڈ کپ کی میزبانی سونپی گئی ہے، ملکی فٹبال باڈی اے آئی ایف ایف نے پہلے مرحلے پر انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلیے میزبان شہروں کو شارٹ لسٹ کرلیا ،ان میں کولکتہ اورممبئی کے ساتھ نئی دہلی، بنگلور، پونے ، گوا ، کوچی اور گوہاٹی شامل ہیں جبکہ صرف 6 شہروں میں مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ آل انڈیا فٹبال فیڈریشن نے ورلڈ کپ کی الاٹمنٹ سے حوصلہ پا کر اب 2015 اور 2016 کے فیفا کلب ورلڈ کپ کی بڈکو بھی ہدف بنالیا۔ کلب ورلڈ کپ میں کانٹی نینٹل ٹیمیں ٹرافی کی جنگ میں حصہ لیں گی۔ اگر بھارت ایونٹ کی میزبانی کیلیے منتخب ہوگیا تو آئی لیگ چیمپئن براہ راست ٹورنامنٹ میں شرکت کا پروانہ حاصل کرلے گا۔ انڈر17 ورلڈ کپ کیلیے حکومت کی ضمانت میں اہم کردار ادا کرنے والے اے آئی ایف ایف پریذیڈنٹ پرافل پٹیل نے آفیشلز کو 'ہائی الرٹ' کرتے ہوئے تیاریاں تیز کرنے کاکہہ دیا ہے۔ پٹیل یونین منسٹر بھی ہیں، انھوں نے ریاستی حکومتوں اور صوبائی ایسوسی ایشنز پر دباؤ ڈالتے ہوئے کہاکہ کولکتہ اور ممبئی جیسے شہر بھی اپنے انفرااسٹرکچر کو انٹرنیشنل لیول تک نہ لے جانے پر ورلڈ کپ میچز کی میزبانی نہیں کرسکیں گے۔




پٹیل نے یہ بھی واضح کردیاکہ اے آئی ایف ایف تمام انفرااسٹرکچر تعمیر نہیں کرسکے گی،کلبز ، مقامی ایسوسی ایشنز اور ریاستی حکومتوں کو بنیادی ضروریات فراہم کرنا ہوں گی۔ پٹیل نے کہاکہ وزارت کھیل نے اسٹیڈیم کی دوبارہ تزئین و آرائش کے لیے 950 ملین اور اتفاقی اخراجات کیلیے 250 ملین روپے مختص کیے ہیں۔ کولکتہ اورممبئی کے ساتھ نئی دہلی، بنگلور، پونے ، گوا ، کوچی اور گوہاٹی کو ایونٹ کیلیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ سالٹ لیک اسٹیڈیم کولکتہ، کوپریج ممبئی اور بنگلور کے کے ایس ایف اے پر سنتھیٹک ٹرف بچھی ہیں لیکن ٹورنامنٹ صرف قدرتی گھاس پر کھیلا جائے گا۔ بنگلور اور ممبئی کی ٹرف فیفا کے ترقیاتی پروجیکٹ کے تحت بچھائی گئیں جبکہ سالٹ لیک اسٹیڈیم ٹرف ریاستی حکومت کی کاوش ہے۔ ورلڈ کپ میزبانی کے حصول کے دوسرے دن اے آئی ایف ایف سیکریٹری کوشل داس کی فیفا کے ریجنل ڈیولپمنٹ منیجر شجی پربھاکران سے طویل میٹنگ ہوئی تھی، داس نے کہاکہ 2 ورلڈ کلاس انڈر 17 اکیڈمیز اور ایک یوتھ لیگ جلد ہی شروع کی جائیں گی۔ اے آئی ایف ایف سیکریٹری جنرل چاہتے ہیں کہ تمام آئی لیگ کلبز فوری طور پر انڈر 14 اور16 یوتھ لیگ کے آغاز کیلیے متحد ہوں۔ فیفا ریجنل ڈیولپمنٹ منیجر پربھاکرن نے بتایا کہ یہ اے آئی ایف ایف کیلیے ایک بڑا چیلنج ہے۔
Load Next Story