2013ٹینس کے افق پر نڈال جگمگا اٹھے فیڈرر کی چمک ماند

اسپینش اسٹار نے جوکووک سے نمبرون پوزیشن چھین کر سیزن کا اختتام بطور ٹاپ پلیئرکیا، سوئس پلیئر1ایونٹ جیت پائے

نووک جوکووک اور اینڈی مرے کی فتوحات نے سوئس ماسٹر فیڈرر کی عالمی رینکنگ کو شدید متاثر کیا ، فوٹو: فائل

2013 میں دنیائے ٹینس کے افق پر رافیل نڈال جگمگائے جبکہ راجرفیڈرر کی چمک ماند پڑگئی،اسپینش اسٹار نے گھٹنے کی دیرینہ انجری سے نجات پانے کے بعد فروری میں کھیل میں واپسی کے بعد سے پیچھے مڑکر نہیں دیکھا، انھوں نے سربیئن حریف نووک جوکووک سے نمبرون پوزیشن چھین کر سیزن کا اختتام بھی بطور ٹاپ پلیئر کیا۔

نووک جوکووک اور اینڈی مرے کی فتوحات نے سوئس ماسٹر فیڈرر کی عالمی رینکنگ کو شدید متاثر کیا جو ساتویں پوزیشن تک بھی گئے۔تفصیلات کے مطابق 2013 میں دنیائے ٹینس میں اسپینش اسٹار رافیل نڈال کا جادوسرچڑھ کر بولا، انھوں نے انجری مسائل سے چھٹکارے کے بعد فروری میں بھرپور انداز میں کھیل میں واپسی اختیار کی، وہ رواں برس 14 ایونٹس کے فائنل کھیلتے ہوئے 10 ٹائٹلز جیتنے میں سرخرو ہوئے،اس میں ریکارڈ آٹھویں مرتبہ فرنچ اوپن کی ٹرافی بھی شامل رہی،اسی طرح دوسری مرتبہ یوایس اوپن جیت کر انھوں نے اپنی مجموعی گرینڈ سلم فتوحات کو13تک پہنچا دیا،ان کے ماسٹرز ٹائٹلز کی تعداد ریکارڈ 26 ہوگئی، نڈال نے رواں برس75 میچز جیتے اور محض7 میں شکست کا سامنا رہا، 14.5 ملین کی انعامی رقم بینک اکائونٹ میں جمع ہوئی جس کے نتیجے میں انھوں نے کیریئر میں 60 ملین ڈالر آمدنی کا سنگ میل بھی عبور کرلیا، نڈال7 ماہ کھیل سے دوری کے بعد فروری میں چلی کے وینیو وینا ڈیل مار میں دوبارہ ایکشن میں آئے۔

اس ایونٹ کے فائنل میں انھیں ارجنٹائن کے ہوراسیو زیبالوس نے شکست دی، اس کے بعد نڈال نے انڈین ویلز، میڈرڈ اور روم کے ماسٹرز ٹائٹلز جیت لیے، مونٹی کارلو ماسٹرز کے فائنل میں جوکووک نے نڈال کو زیر کیا تاہم اس کے بعد 27 سالہ پلیئر نے فرنچ اوپن کے فائنل میں ہموطن ڈیوڈ فیرر کو ٹھکانے لگاکر 8 مرتبہ رولینڈ گیروس ٹائٹل جیتنے والے پہلے کھلاڑی کا اعزاز پایا، اس سے قبل سیمی فائنل میں انھوں نے سربیئن اسٹار نووک جوکووک کو 2-4 کے خسارے میں جانے کے باوجود زیر کرکے داد سمیٹی، اسے اے ٹی پی نے سیزن کا سب سے شاندار میچ بھی قرار دیا،اس کے 2 ہفتے بعد ومبلڈن میں نڈال غیر متوقع طور پر اسٹیو ڈارسز کے ہاتھوں پہلے رائونڈ میں ہارگئے، اس کے بعد انھوں نے عارضی طور پر کھیل سے دوری اختیار کی لیکن پھر شمالی امریکا میں مونٹریال اور سنسناٹی ماسٹرز ٹائٹلز جیت کر اپنے وجود کا یقین دلادیا، یو ایس اوپن کے فائنل میں 4 سیٹ کے مقابلے میں جوکووک کو زیر کیا، نومبر میں نڈال نے جوکووک سے نمبرون پوزیشن چھین لی اور سیزن کے اختتام تک اسے برقرار رکھا، دوسری جانب سربیئن اسٹار جوکووک نے 2013 کی شروعات چوتھی مرتبہ آسٹریلین اوپن ٹائٹل جیت کر کی، اس کے بعد ومبلڈن کے فائنل میں اینڈی مرے نے انھیں شکست دے کر نئی تاریخ رقم کی۔




اس کے ساتھ ہی جوکووک کی 24 لگاتار فتوحات کا سلسلہ بھی ٹوٹ گیا، اس دوران انھوں نے دیرینہ دوست جیلینا ریسٹک سے شادی کرنے کا اعلان کردیا، رواں سیزن میں جوکووک نے 7 ٹائٹلز اپنے نام کیے، ڈیوس کپ فائنل میں ان کی سربیئن ٹیم کو جمہوریہ چیک کے ہاتھوں شکست ہوئی، انگلش اسٹار اینڈی مرے نے ستمبر میں کمر میں تکلیف کے سبب سرجری کرائی، جس کے سبب وہ سیزن کے اختتامی حصے میں کھیل سے دور رہے، جولائی اینڈی مرے کیلیے جذباتی رہا اور انھوں نے ومبلڈن ٹرافی جیتی، وہ 1936 میں فریڈ پیری کے بعد ہوم ایونٹ ٹرافی جیتنے والے پہلے انگلش پلیئر بنے، مرے نے اپنی فتوحات کا سہرا کوچ ایوان لینڈل کے سر باندھا، مجموعی طور پر یہ ان کے کیریئر کا دوسرا گرینڈ سلم ٹائٹل بنا، سوئس ماسٹر راجرفیڈرر کیلیے یہ سال اچھا نہیں رہا، ریکارڈ 17 گرینڈ سلم اپنے قبضے میں رکھنے والے فیڈرر رواں سیزن میں کسی بھی گرینڈ سلم کے فائنل تک پہنچنے میں بھی ناکام رہے، 2002 کے بعد ایسا پہلی مرتبہ ہوا۔

انھوں نے سیزن کی واحد ٹرافی ہیل ایونٹ میں جیتی، مایوس کن پرفارمنس کے بعد عالمی درجہ بندی میں ان کی پوزیشن 7 بھی ہوئی، یہ گذشتہ 11 برسوں میں ان کی کمترین رینکنگ رہی، ومبلڈن کے دوسرے رائونڈ میں سرگئی اسٹاہوسکی کے ہاتھوں فیڈرر کی ناکامی بھی اہم رہی، اسے بھی گزرے 11 برسوں میں آل انگلینڈ کلب میں ان کی بدترین کارکردگی شمار کیاگیا، اس کے ساتھ ہی ان کی گرینڈ سلم کوارٹر فائنلز میں لگاتار 36 شمولیت کا سلسلہ بھی ٹوٹ گیا، اس کے بعد یوایس اوپن کے چوتھے رائونڈ میں ٹومی روبریڈو نے بھی فیڈرر کا شکار کرلیا، اس کے باوجود سوئس ماسٹر نے میدان میں رہنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کھیل کو خیرباد کہنے سے انکار کردیا، وہ سیزن کا اختتام ورلڈنمبر6 کے طور پر کرنے میں کامیاب ہوئے۔ رواں برس سربیا کے وکٹر ٹروسکی اور مارن کلک کیلیے ڈوپنگ مسائل پریشانی کا سبب بنے رہے، ٹروسکی کو ڈوپنگ کیلیے خون کا نمونہ نہ دینے پر12 ماہ کی پابندی کی سزا دی گئی،ڈوپ ٹیسٹ میں ناکامی پر مارن کلک کو چار ماہ کیلیے معطل کیاگیا تھا۔
Load Next Story