دورہ انگلینڈ میں پاکستانی ناکامیوں کی ہیٹ ٹرک مکمل

ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیم نے واحد ٹوئنٹی 20 میچ میں8 وکٹ سے شکست دے دی

ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیم نے واحد ٹوئنٹی 20 میچ میں8 وکٹ سے شکست دے دی۔ فوٹو : فائل

ویسٹ انڈین ویمنز ٹیم نے واحد ٹی 20 میں 8 وکٹ سے فتح حاصل کر کے دورئہ انگلینڈ میں پاکستان کی ناکامیوں کی ہیٹ ٹرک پوری کرا دی۔

قبل ازیں اسے 2 میچز میں ہوم سائیڈ سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ گذشتہ روز کے معرکے میں کیریبیئن اوپنر کیشیا نائٹ نے ناقابل شکست 50 رنز بناکر ٹیم کو 19.5 میں 99 رنز کے آسان ہدف تک رسائی دلائی، انھوں نے67 میں سے 5 گیندوں کو بائونڈری کے پار بھیجا۔ پہلی وکٹ 14 رنز پر گرنے کے بعد کیشیا نے کپتان میریسا اوگیلیرا کے ہمراہ 58 رنزکی شراکت قائم کی۔


میریسا نے47 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے،اوپنر اسٹیسی این کنگ نے(1) رن پر وکٹ گنوائی، ڈینڈرا ڈوٹن 15 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہیں، ثنامیر اور سعدیہ یوسف نے ایک،ایک وکٹ اپنے نام کی۔ قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 98 رنز اسکور کیے۔

بسمہ معروف 36 اور جویریہ خان 37 کے سوا کوئی بیٹسویمن دہرے ہندسے میں داخل نہیں ہوسکی، شیمین کیمبل نے3 جبکہ سبرینا مینرو اور شینل ڈیلے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل پاکستان ویمنز ٹیم نے انگلینڈ سے اسی فارمیٹ کے دو میچز کھیلے جس میں اسے بالترتیب 7 وکٹ اور 81 رنز کی شکست کا کرب سہنا پڑا تھا۔
Load Next Story