تمام میڈیا ہاؤسز اپنا سیکیورٹی پروٹوکول خود مرتب کریں

پراسیکیوشن بہتربناکردہشت گردی کے واقعات کوکنٹرول کیاجائے،حکومت کوتجویز

کراچی: کولیشن آن میڈیا سیفٹی کے کوآرڈینیٹر اقبال خٹک سی پی این ای کے ممبران سے خطاب کررہے ہیں سیکریٹری جنرل سی پی این ای ڈاکٹر جبار خٹک دیگر عہدیدار اور ارکان اسٹینڈنگ کمیٹی بھی موجود ہیں۔ فوٹو: آن لائن

صحافیوں، اخباری کارکنوں اورمیڈیا ہاؤسزکودہشت گردعناصر کی کارروائیوں سے محفوظ رکھنے اورانھیں مناسب سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ضروری ہوگیا ہے کہ تمام میڈیاہاؤسز اپناسیکیورٹی پروٹوکول خودمرتب کریں اور اس ضمن میں اداروں پرانحصار سے گریزکریں۔


یہ بات منگل کوکونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای) کے دفتر میں کولیشن آن میڈیاسیفٹی(سی او ایم ایس) کے دورے پرآنے والے ایک وفدکے ساتھ اجلاس کے دوران کہی گئی جس کامقصد دونوںتنظیموں کی جانب سے مستقبل میںمیڈیا کے تحفظ کے لیے موثر پروگرام مرتب کرناتھا۔ اجلاس میں اس امرپر سخت تشویش ظاہرکی گئی کہ میڈیاکے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں روزبروز اضافہ ہوتاجا رہاہے کیونکہ حکومت ان واقعات میں ملوث افرادکو گرفتارکرنے اوران پرمقدمات چلاکر سزائیںدلوانے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے جس کی وجہ سے انتہاپسند عناصرکے حوصلے مزیدبلند ہورہے ہیں۔ اجلاس میں اس بات پراتفاق کیا گیا کہ صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز کے تحفظ کے لیے مختصر، درمیانی اورلمبی مدت کے پراگرام وضع کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں اس بات پر زوردیاگیا کہ میڈیاسے وابستہ افرادکے تحفظ کے لیے اخباری کارکنوں، ایڈیٹرزاور مالکان کی تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پراکٹھے ہوکر اپنی سیکیورٹی کاایک مربوط پروگرام تشکیل دے کرجدوجہدکرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں کہا گیاکہ جس طرح میکسیکواور کولمبیاکی حکومتوں نے میڈیاکے لوگوں کے خلاف ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کواپنا پراسیکیوشن نظام بہتر بناکر کنٹرول کیاہے، ہماری حکومت کوبھی اس طرح کے اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں سی اوایم ایس کی جانب سے اس کے سیکریٹریٹ کے سربراہ اویس اسلم علی، کوآرڈینیٹراقبال خٹک اوررکن شیریں سومروشریک ہوئے جبکہ سی پی این ای کی نمائندگی اس کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹرجبار خٹک، جوائنٹ سیکریٹری مشتاق احمدقریشی، سیکریٹری فنانس حامدحسین عابدی، اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین عامرمحمود اورغلام نبی چانڈیونے کی۔
Load Next Story