پی ایف یوجے کی کال پر صحافیوں کا پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا

جبری چھانٹیوں اور تنخواہوں میں تاخیر پر احتجاج، رانا عظیم ، امین یوسف، جی ایم جمالی ودیگرکا خطاب

اسلام آباد: وزیر اطلاعات پرویز رشید پارلیمنٹ کے سامنے صحافیوں کے دھرنے سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پرملک بھرسے سیکڑوں صحافیوں نے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آبادکے باہردھرنا دیا۔


جس میں مختلف اخبارات اورچینلزسے صحافیوں کی جبری چھانٹیوں، تنخواہوںکی ادائیگی میں تاخیر،8ویں ویج بورڈکے عدم نفاذاور7ویں ویج بورڈکے واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف شدیداحتجاج کیا گیا۔دھرنے کے شرکا لاہور سے سیکڑوں گاڑیوں کے جلوس کی شکل میں اسلام آباد پہنچے۔صحافیوں سے اظہاریکجہتی کیلیے پیپلز پارٹی کے رہنمارحمن ملک،فرحت اللہ بابر،شازیہ مری،ایم کیو ایم کے رہنمائوں اقبال محمد علی، محمد سفیان، آصف حسنین،تحریک انصاف کے رہنماعارف علوی،جاویدہاشمی،مسلم لیگ(ن)کے سینیٹراوروفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویزرشیدبھی دھرنے میں شریک ہوئے۔پی ایف یوجے کے صدرراناعظیم نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ شہیدصحافیوںکے ورثاکیلیے فوری فنڈزقائم کریں اورگزشتہ دورحکومت میں30کروڑروپے سے انڈورمنٹ فنڈکے قیام کااعلان کیاگیاتھا،اس پرفوری عملدرآمدکیاجائے،پی ایف یو جے کے سیکریٹری جنرل امین یوسف نے کہاکہ یہ عمل انتہائی افسوسناک ہے،صحافیوں کومختلف اداروں سے جبراً برطرف کیا جارہاہے،ان کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی نہیں کی جارہی جبکہ حکومت بھی ویج بورڈ ایوارڈکے نفاذمیں دلچسپی کا اظہار نہیں کررہی، صحافیوں کے حقوق کے لیے پی ایف یوجے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدرجی ایم جمالی نے کہا کہ ہم گونگے اوربہرے حکمرانوں کوجگانے آئے ہیں تاکہ وہ ویج ایوارڈپر پوری طرح عملدرآمد کروائیں،صحافیوں کے حقوق کیلیے قانون سازی کی جائے اورشہید صحافیوں کے ورثاکی مالی اعانت کی جائے،بعض میڈیا ہائوسز جس طرح صحافیوں کی چھانٹیاں کررہے ہیں اسے کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا۔کراچی یونین آف جرنلسٹس کے سیکریٹری واجد رضا اصفہانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جبری چھانٹیوں کا سلسلہ نہ رکاتوہم سخت لائحہ عمل کااعلان کریںگے۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے دھرنے کے شرکاکویقین دلایا کہ ان کی طرف سے پیش کیے گئے مطالبات کو حکومت تسلیم کرتی ہے اوران معاملات کوتیزی سے حل کرنے کے لیے ایک کمیٹی قائم کی جائے گی،جس میں پی ایف یو جے کے نمائندے اپنے تمام مسائل کے حل کے لیے حکومت کی معاونت کریں گے،حکومت آزادی صحافت کااحترام کرتی ہے اورجمہوریت کی بحالی کیلیے صحافیوں کی جدوجہدکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،ملک جن حالات سے گزررہاہے،اس میں کوئی محاذ آرائی نقصان دہ ہوگی،ہم میڈیا سے محاذ آرائی نہیں چاہتے اور ان کی تکالیف کو دور کرناچاہتے ہیں۔
Load Next Story