چھاپے اور گرفتاریاں موبائل سروس کی تمام فرنچائز بند

ایس آئی یو کے 2 فرنچائز پر چھاپوں اور گرفتاریوں کے بعد دیگر موبائل سروس فرنچائز نے کاروبار بند کردیا،بندش سے صارفین۔۔۔

موبائل سروس اداروں کی خاموشی، ردعمل سے گریز، چھاپوں اور گرفتاریوں سے فرنچائز مالکان خوف زدہ، ریگولیٹری ادارہ پی ٹی اے معاملے سے لاتعلق۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے چھاپوں کے خلاف شہر میں موبائل فون کمپنیوں کے تمام فرنچائز احتجاجاً بند کردیے گئے ہیں فرنچائز مالکان کا کہنا ہے کہ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے اہلکار فرنچائز عملے اور مالکان کو ہراساں کررہے ہیں۔

2 موبائل سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے فرنچائز پر چھاپوں اور گرفتاریوں کے بعد دیگر موبائل سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے فرنچائز بھی بند کردیے گئے ہیں، موبائل سروسز کمپنیوں نے فرنچائز کی بندش کو فرنچائز چلانے والوں کا معاملہ قراردیا ہے، فرنچائز کی بندش کے بعد صارفین کو نئے کنکشن کے حصول، ڈپلی کیٹ سم نکلوانے، سموں کی رجسٹریشن اور تصدیق سمیت کنکشن سے متعلق دیگر سہولتوں کے حصول میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے، شہر بھر میں موبائل کمپنیوں کے فرنچائز کے خلاف پیر سے جاری آپریشن پر موبائل سروسز کے اداروں نے خاموشی اختیار کررکھی ہے اور باضابطہ کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

فرنچائز مالکان کا کہنا ہے کہ 2 کمپنیوں کے فرنچائز پر چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ دراز ہونے سے دیگر کمپنیوں کے فرنچائز مالکان میں عدم تحفظ اور خوف پھیل گیا ہے، تحقیق کے نام پر فرنچائز مالکان اور عملے کو ہراساں کیا جارہا ہے جس سے بچنے کے لیے فرنچائز بند کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں، فرنچائز کے بند ہونے سے کمپنیوں کے ساتھ صارفین کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔




مواصلاتی صنعت سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں بائیومیٹرک سسٹم کی تنصیب کے بعد موبائل سموں کی رجسٹریشن اور کوائف کی تصدیق کے بغیر فروخت ممکن نہیں تاہم بائیومیٹرک سسٹم لگنے کے بعد فروخت میں ممکنہ کمی کے پیش نظر فرنچائز مالکان کی جانب سے فروخت کا ہدف حاصل کرنے کے لیے ضابطوں کی خلاف ورزی کا امکان موجود ہے، شہر کے تمام فرنچائز پر نومبر کے اختتام تک بائیومیٹرک سسٹم نصب کیے جاچکے ہیں جبکہ ملک گیر سطح پر فرنچائزز میں بائیومیٹرک کی تنصیب کے لیے31 دسمبر کی ڈیڈلائن مقرر کی گئی ہے، موبائل فون سموں کی غیرقانونی فروخت کے خلاف قانون نافذ کرنیو الے ادارے گزشتہ ہفتے سے متحرک ہیں جب ملک کے مختلف شہروں سے گرفتار ہونے والے ملزمان کے قبضے سے ہزاروں کی تعداد میں ایکٹیویٹ (فعال) سمیں برآمد ہوئی ہیں شہر بھر کے فرنچائز مالکان نے اس معاملے پر صلاح و مشورہ شروع کردیا ہے جبکہ معاملے سے موبائل سروس کمپنیاں اور ریگولیٹری ادارہ پی ٹی اے لاتعلق ہے۔

ایک موبائل سروس کمپنی کی جانب سے اپنی فرنچائز کو تحفظ دینے اور مدد کی یقین دہانی پر شہر کے بعض علاقوں میں اس کمپنی کے فرنچائز کھل گئے ہیں جبکہ شہر کے پوش علاقوں میں قائم بعض فرنچائز معمول کے مطابق کام کررہے ہیں۔
Load Next Story