رینجرز اور پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشن میں 85 ملزم گرفتار

امام بارگاہ کے قریب سے سیاسی کارکن صادق اور پاکستان چوک سے 19 ملزم پکڑے گئے

امام بارگاہ کے قریب سے سیاسی کارکن صادق اور پاکستان چوک سے 19 ملزم پکڑے گئے۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن ، چھاپوں اور اسنیپ چیکنگ کے دوران 85 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ ، گولیاں ، منشیات اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز سندھ کے ترجمان میجر سبطین کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں لانڈھی داؤد چورنگی ، پرانا گولیمار ، لیاقت آباد نمبر 2 ، بھیم پورہ ، کے پی ٹی فلیٹس ، ہارون رائل سٹی ، پاک کالونی کے علاقے جہان آباد، اورنگی ٹاؤن ، بلدیہ مدینہ کالونی اور بنارس میں ٹارگٹڈ آپریشن اور پاکستان چوک کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران مجموعی طور پر 19 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور گولیاں برآمد کرلیں رینجرز گرفتار ملزمان سے مزید تحقیقات کر رہی ہے ایک اور کارروائی میں رینجرز نے نارتھ کراچی کے علاقے سیکٹر 5-M دو منٹ چورنگی کے قریب واقع امام بارگاہ کے قریب سے سیاسی جماعت کے کارکن صادق کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔




علاوہ ازیں ویسٹ زون پولیس نے مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 15 مفرور و اشتہاری سمیت 40 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ ، گولیاں ، منشیات اور موٹر سائیکل برآمد کرلی جبکہ ایسٹ زون پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 4 مفروروں سمیت 24 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ، گولیاں اور منشیات برآمد کرلی ، ایس ایچ او بلوچ کالونی انسپکٹر غضنفر کاظمی نے ایکسپریس وے پر مقابلے کے بعد شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ایک ملزم بلال کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم بلوچ کالونی کا رہائشی اور پولیس کو لوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔
Load Next Story