کراچیفائرنگ اور پر تشدد واقعات کے دوران 4 افراد ہلاک

بنارس چوک پرپولیس اہلکار صدیق نشانہ بنا، بہار کالونی میں نامعلوم نوجوان ماراگیا

پاک کالونی میں 2 افراد کو سرعام گولیاں ماردی گئیں،ایک ہلاک، دیگرواقعات میں6زخمی۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکارسمیت4افرادہلاک اورخاتون سمیت6زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی بنارس چوک کے قریب الوطن ہوٹل کے سامنے گھات لگائے موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے کورٹ پولیس اہلکار 48 سالہ صدیق کوہلاک کردیااورفرارہوگئے،مقتول بنارس چوک کا رہائشی اورآبائی تعلق لکی مروت سے تھاجبکہ واقعے کے وقت وہ اپنی ڈیوٹی ختم کر کے گھر جارہا تھا کہ گھات لگائے دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔بہارکالونی مارکیٹ روڈ پرنامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 15 سالہ شاہ اور25 سالہ نامعلوم نوجوان زخمی ہو گئے ، زخمی ہونے والوں کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں نامعلوم نوجوان دوران علاج زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔پاک کالونی لیاری ندی ریکسر پل پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے30 سالہ شخص ہلاک ایک25 سالہ شخص زخمی ہو گیا، ہلاک ہونے والے شخص کے ہاتھ پشت پربندھے ہوئے تھے اوراس کے سر پرگولی ماری گئی جبکہ زخمی شخص کوبھی سر پرگولی ماری گئی ہے جس کی حالت انتہائی تشویشناک ہے،ہلاک وزخمی ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔




پولیس کے مطابق دونوںکواغواکارگاڑی میں بٹھاکر لائے اورسروں پر گولیاں مار کر فرارہوگئے۔ ڈیفنس فیز2میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی بازوپرلگنے سے رینجرزاہلکار35 سالہ دلدارزخمی ہو گیا۔کلری کے علاقے جونامسجدکے قریب فائرنگ سے 17 سالہ صادق، کلا کوٹ میوہ شاہ روڈکمہار واڑہ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے60سالہ سکینہ اورآگرہ تاج کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ساجدبلوچ زخمی ہو گیا۔بلال کالونی تھانے کی حدود نیو کراچی سیکٹر 5-L عالم پرائیڈ کے سامنے واقع گراؤنڈ میں48 سالہ شخص کی بوری بند لاش کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پولیس کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا ،جہاں ان کی شناخت ڈاکٹر صابر بیگ ولد ساگر بیگ کے نام سے کرلی گئی، مقتول کو منگل کو ان کے گھربفرزون کے قریب سے اغوا کیا گیا تھا۔
Load Next Story