سفارت کار کی گرفتاری پر بھارتی پارلیمنٹ میں بحث امریکا سے معافی کامطالبہ

کسی امریکی سفارتکار کو نیا شناختی کارڈ جاری ہوگا نہ بغیر محصول سامان درآمد کی اجازت ہوگی، وزیر خارجہ سلمان خورشید

راجیہ سبھا میں ممبران نے اس معاملے کو ملک کی توہین قرار دیتے ہوئے حکومت سے سخت قدم اٹھانے کا مطالبہ کیا۔فوٹو:فائل

بھارت میں ایوان بالا(راجیہ سبھا) میں ارکان اسمبلی نے امریکا میں بھارتی سفارتکار کیساتھ ہونیوالے ناروا سلوک کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے احتجاج کیا اور امریکا سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

بھارت کے وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا ہے کہ امریکا میں ہندوستانی سفارتکار دیویانی دھوبرا گاڑے کو ''بحفاظت ملک واپس لانے کی ذمے داری انکی ہے اور وہ انھیں واپس لا کر دکھائیں گے''۔ نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے کے باہر اس کیخلاف مظاہرے بھی ہوئے۔ راجیہ سبھا میں ممبران نے اس معاملے کو ملک کی توہین قرار دیتے ہوئے حکومت سے سخت قدم اٹھانے کا مطالبہ کیا، ارکان کا مطالبہ تھا کہ اس معاملے میں سفارتی سطح پر درج مقدمہ واپس لیا جائے اور اس کیلیے امریکا معافی مانگے۔ بحث کا آغاز راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر ارون جیٹلی نے کیا، انھوں نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور اسے ویانا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیا۔ ادھر بھارتی حکومت کو ایک ای میل کے ذریعے متاثرہ سفارتکار دیویانی نے اپنی اور بچوں کی سیکیورٹی اور عزت کی حفاظت کی اپیل کی ہے۔




انھوں نے لکھا کہ انہیں کئی بار ہتھ کڑی لگا کر برہنہ تلاشی لی گئی اور حراست میں رکھاگیا لیکن انھوں نے اپنا وقار برقرار رکھا کیونکہ وہ بھارت کی نمائندگی کررہی تھیں۔ وزیرِ خارجہ نے گزشتہ روز بھارت کے ایوانِ بالا میں امریکا میں بھارتی سفارتکار کی گرفتاری پر سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 'اس موضوع پر برسرِاقتدار پارٹی اور اپوزیشن کو ایوان اور ایوان کے باہر یا میڈیا میں ایک سْر میں بولنا ہوگا' اس معاملے پر ہم مختلف رائے ظاہر نہیں کر سکتے' انکی وزارت بھارتی سفارتکار کو امریکا میں ہر ممکن قانونی اور دیگر طرح کی مدد پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے' انھوں نے اس پورے معاملے کو سازش بتایا۔ وزیرِ خارجہ نے ایوان کو اس معاملے کے سامنے آنے کے بعد اٹھائے گئے اقدامات کی معلومات دیں اور کہا کسی بھی امریکی سفارتکار کو نیا شناختی کارڈ جاری نہیں کیا جائے گا اور انھیں بغیر محصول کے سامان درآمد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دوسری جانب امریکہ میں اسے معمول کی کارروائی بتایا گیا ہے۔ امریکی حکام نے یہ تصدیق بھی کی ہے کہ دیویانی کھوبرا گڑے کو گرفتاری کے بعد برہنہ تلاشی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ دیویانی کے معاملے پر بھارت نے امریکا سے غیر مشروط معافی کا بھی مطالبہ کیا ہے تاہم امریکا کا کہنا ہے کہ دیویانی سے وہی سلوک کیا گیا جو دوسرے ملزموں سے کرتے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف کا کہنا ہے کہ نائب قونصلر کی گرفتاری کے واقعے سے دونوں ملکوں کے تعلقات پر اثر نہیں پڑے گا' یہ حساس معاملہ ہے اور امریکہ اس کا جائزہ لے رہا ہے۔ دریں اثناء امریکہ نے بھارتی سفارتکار کی تلاشی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے بھارتی سیکیورٹی کے مشیر شیو شنکر مینن کو فون کیا اور بھارتی نائب قونصلر کی گرفتاری اور تلاشی پر افسوس کا اظہارکیا۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ امریکا اور بھارت کے تعلقات کشیدگی کا شکار نہیں ہوں گے۔
Load Next Story