عمران خان نے کے پی کے میں انسداد پولیو مہم شروع کر دی

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ‘خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور دیگر رہنمائوں نے گزشتہ روز طالبان سے۔۔۔

اس موقعے پرمولانا سمیع الحق بھی موجود تھے۔ فوٹو: اے ایف پی

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 'خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور دیگر رہنمائوں نے گزشتہ روز طالبان سے اپیل کی ہے کہ انسدادِ پولیو مہم کے کارکنان کو نشانہ نہ بنایا جائے۔ انھوں نے خبردار کیا کہ اگر پولیو کی بیماری کو روکنے کے لیے قدم نہ اٹھایا گیا تو اس کے پھیلنے کا خطرہ ہے اور ایسا وقت بھی آ سکتا ہے کہ بچوں کی زندگیاں تباہ ہونے کے علاوہ خیبر پختونخوا کے عوام کو کسی بھی ملک کا ویزہ نہیں ملے گا جس سے معاشی نقصان بھی ہو گا۔ عمران خان جیسے مقبول لیڈر کا شخصی طور پر انسداد پولیو مہم کا آغاز کرنا ایک خوش آیند بات ہے جس سے اس مہم کو نہ صرف یہ کہ مہمیز ملے گی بلکہ اس سے دیگر لیڈروں کو بھی میدان عمل میں نکلنے کی تحریک پیدا ہو گی۔ عمران خان نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور تحریک انصاف کے دیگر لیڈروں کے ہمراہ بچوں کو پولیو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔


اس موقعے پرمولانا سمیع الحق بھی موجود تھے۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پولیو ورکرز پر حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز اور ان کی حفاظت پر مامور پولیس پر حملے کرنیوالے نہ صرف انسانیت، اسلام اور پختونخوا بلکہ پورے پاکستان کے لوگوں سے انصاف نہیں کر رہے۔ انھوں نے پولیو ورکرز کو مجاہد قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ہم ان مجاہدین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ خیبرپختونخوا اور ملک کے دیگر علاقوں میں پولیو ورکرز پر متعدد حملے ہو چکے ہیں' طالبان ان حملوں کی ذمے داری بھی قبول کرتے ہیں' عمران خان اور ان کے ساتھیوں نے پولیو مہم کے حوالے سے جراتمندانہ موقف اختیار کیا ہے' بہر حال جب کسی ملک کے اہم لیڈر کالعدم تنظیموں سے اپیلیں کرنے لگیں تو پھر مخالف کا جواب اس کی مرضی کے مطابق ہوتا ہے' اب دیکھنا یہ ہے کہ طالبان ان کی اپیل کا کیا جواب دیتے ہیں' بہر حال پولیو مہم میں شریک ہونا خیبر پختونخوا حکومت اور تحریک انصاف کی قیادت کا احسن اقدام ہے۔
Load Next Story