بلدیاتی الیکشن جمہوریت کا حقیقی راستہ

بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے مراحل ختم ہونے کے بعد بالآخر الیکشن کمیشن نے سندھ میں 18جنوری کو بلدیاتی انتخابات۔۔۔

ایک طویل عرصے بعد ملک جمہوریت کے حقیقی راستے پر بالآخر چل پڑا ہے اور بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ فوٹو: فائل

بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے مراحل ختم ہونے کے بعد بالآخر الیکشن کمیشن نے سندھ میں 18جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ اخباری اطلاعات کے مطابق سندھ بھر میں کاغذات نامزدگی 29 دسمبر تک طلب کرلیے گئے ہیں اور تقرر و تبادلوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سندھ میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے اور حتمی لسٹ جاری ہونے کے بعد امیدواروں کو انتخابی مہم کے لیے صرف 4 دن ملیں گے۔ یکم جنوری سے 5 جنوری تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی، کاغذات نامزدگی منظور اور مستردکرنے کے خلاف اپیلیں 6 اور 7 جنوری کو دائر کی جاسکیں گی جن کے فیصلے 8 سے 11 جنوری تک سنائے جائیں گے، امیدوار کاغذات 12 جنوری کو واپس لے سکیں گے جب کہ امیدواروں کی حتمی فہرستیں 13 جنوری کو آویزاں کی جائیں گی۔


ایک طویل عرصے بعد ملک جمہوریت کے حقیقی راستے پر بالآخر چل پڑا ہے اور بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ بلوچستان کی انتظامیہ اپنے اس فرض سے بخوبی نمٹ چکی ہے اور دیگر تینوں صوبوں پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کو بھی اب اپنی تمام تر توجہ بلدیاتی انتخابات کی جانب مبذول کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ یہ تمام مراحل نہ صرف شفافانہ انداز میں تکمیل پذیر ہوسکیں بلکہ اس مرحلے پر ان تمام تحفظات کو بھی دور کرنے کی کوشش کی جائے جو مختلف فورموں پر اٹھائے گئے ہیں، جیسا کہ مقناطیسی سیاہی کے استعمال کا قضیہ ابھی تک ٹھنڈا نہیں ہوا۔ الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل شیر افگن نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں مقناطیسی سیاہی کی جگہ معیاری سیاہی استعمال کی جائے گی۔ یہاں یہ کہنا بھی صائب ہوگا کہ سیاسی پارٹیاں انتخابات میں دھاندلی اور دیگر اعتراضات کا لاحاصل شور اٹھانے کے بجائے جمہوری اقدار کو مضبوط بنانے کی جانب توجہ دیں تاکہ ملک کو استحکام کی منزل سے ہمکنار کیا جاسکے۔
Load Next Story