تھرکول سے بجلی کی پیداوار کے لیے بڑا سرمایہ کاری منصوبہ طے

اینگروکول مائننگ کمپنی نے 80کروڑڈالرکی سرمایہ کاری سے پلانٹ کی تعمیرکیلئے اٹلس،لبرٹی وسیفائر کیساتھ ایم او سائن کرلیا

300 میگاواٹ کے2پاورپلانٹس کی تعمیر کیلئے آئندہ سال سرمایہ دستیاب، 3 سال کے اندر پیداوار شروع،توانائی کے حصول میں مقامی وسائل کاحصہ بڑھ جائے گا۔ فوٹو: فائل

سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی اور پاور سیکٹر کے اہم نجی کاروباری گروپس کے مابین تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے لیے پاور پلانٹس میں سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔

سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی نے 80کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری سے تھرکول کی بنیاد پر بجلی گھر کی تعمیر کے لیے بڑے بزنس گروپوں اٹلس، لبرٹی اور سیفائر کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے ہیں جس کے تحت پاکستان کی توانائی کے حصول کا ذریعہ موجودہ وسائل سے تبدیل ہو کر بڑی مقدار میں مقامی طور پر دستیاب کوئلے پر آ جائے گا۔ کمپنیوں نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے بعد اس عزم کا اظہار کیا کہ اس عمل سے کئی مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو اس میدان میں سرمایہ کاری کی ترغیب حاصل ہو گی،یہ مفاہمتی یادداشت اور منصوبہ حکومت پاکستان کی ملکی توانائی کے منصوبوں کیلیے مقامی طور پر دستیاب وسائل کی ترغیب کے عزم کا حصہ ہے تاکہ ملک میں مستقبل میں توانائی کے دیرپا وسائل کا حصول ممکن ہو سکے۔




2x300میگا واٹ کے ان پاور پلانٹس کی تعمیر کیلیے ممکنہ طور پر 2014میں سرمایہ کاری دستیاب ہو گی اور سرمایہ کاری کے حصول کے 3 سال کے اندر یہ پلانٹس پیداوار شروع کر دیں گے، اس یادداشت سے بہت سے بین الاقوامی قرض دہندگان کی حوصلہ افزائی ہو گی جس سے وہ اس میگا منصوبے کے لیے سرمایہ کاری کی فراہمی میں دلچسپی لے سکتے ہیں، تھر کول پاکستان کے توانائی کے میدان کا نقشہ بدل دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، ایک مرتبہ توانائی کے بحران پر قابو پا لیا جائے تو تھر کول سے حاصل ہونے والی گیس فرٹیلائزر اور پٹرو کیمیکلز انڈسٹری میں بھی استعمال ہو سکتی ہے جس سے پاکستان میں صنعتوں کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔سندھ اینگرو کول مائننگ تھر بلاک IIکا لیز ہولڈر ہے اور 3.5 ملین ٹن سالانہ صلاحیت کی حامل کول مائن تعمیر کرنا چاہتا ہے جو مائن کے قریب واقع پاور پلانٹ کو توانائی کی پیداوار کیلیے استعمال کی جائیگی، تھر کول ذخائر دنیا کے چند بڑے ذخائر میں سے ہیں جنہیں ابھی استعمال میں نہیں لایا گیا، ان کی مقدار کا تخمینہ 175ارب ٹن ہے، یہ ذخائر 100 سال بجلی کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
Load Next Story