قومی ہاکی نیوی نے پی ٹی وی کو ہرانے کا موقع گنوادیا

3 گول کی برتری کام نہ آئی، مقابلہ برابر ہو گیا،واپڈا نے پولیس کیخلاف8-1سے کامیابی حاصل کی

3 گول کی برتری کام نہ آئی، مقابلہ برابر ہو گیا،واپڈا نے پولیس کیخلاف8-1سے کامیابی حاصل کی، نیشنل بینک کی ٹیم آرمی کے خلاف 4-2سے سرخرو۔ فوٹو: فائل

قومی ہاکی چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں نیوی نے 3گول کی برتری کے باوجود پی ٹی وی کو ہرانے کا سنہری موقع گنوادیا، واپڈا نے پولیس کیخلاف8-1سے کامیابی حاصل کی، علیم بلال اور محمد عمران نے 2،2گول کیے۔

نیشنل بینک کی ٹیم آرمی کے خلاف 4-2سے سرخرو ہوئی، محمد توثیق نے 2بار گیند کو گول پوسٹ میں پہنچاکر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے جوہر اسٹیڈیم میں ایونٹ کے افتتاحی میچ میں نیوی کی ٹیم 3گول کی برتری کے باوجود فتح کو گلے نہ لگا سکی، پی ٹی وی نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے مقابلہ 3-3سے برابر کردیا، نیوی نے ابتدا میں ہی جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے حریف کے گول پوسٹ پر حملوں کا سلسلہ شروع کردیا، جس کے نتیجے میں ملنے والے پنالٹی اسٹروک کو محسن صابر نے کار آمد بناتے ہوئے ٹیم کو 19ویں منٹ میں برتری دلادی، پہلا ہاف ختم ہونے سے قبل ایک بار پھر پی ٹی وی کا دفاع کمزور پڑ گیا، ڈیفینڈر کے فائول پر پنالٹی کارنر پر اسد عزیز نے شاندار ہٹ کے ذریعے گول کرکے اسکور2-0 کردیا۔وقفے کے بعد اکبر علی نے ایک عمدہ پاس پر دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیکر گیند نیٹ میں پھینک دی، بھاری خسارے میں جانے کے بعد شائقین یکطرفہ مقابلے کی توقع کرنے لگے لیکن اچانک پی ٹی وی نے موثر جوابی حملے شروع کردیے۔

دفاع پر مجبور ہونے والے نیوی کے کھلاڑی اس صورتحال کیلیے ذہنی طور پر تیار نہ تھے، انھوں نے بوکھلاہٹ میں فائول کرکے پنالٹی کارنر دیدیا، وقاص احمد نے 45ویں منٹ میں گول داغا، چند لمحے بعد ہی نبیل اکرم نے 3حریف کھلاڑیوں کو ڈاج دے کر خسارہ مزید کم کردیا،بلند حوصلہ پی ٹی وی کے فارورڈز نے مقابلہ برابر کرنے کیلیے تابڑ توڑ حملے جاری رکھے، بالآخر کھیل ختم ہونے سے 3منٹ قبل پنالٹی کارنر مل گیا جس پر وقاص بٹ نے ڈائریکٹ ہٹ کے ذریعے اسکور3-3 کردیا۔ دوسرے میچ میں واپڈا نے پولیس کیخلاف8-1سے کامیابی حاصل کرلی، تھکاوٹ کی شکار ٹیم کیخلاف 7 گول دوسرے ہاف میں ہوئے، فاتح سائیڈ نے ابتدا میں ہی علیم بلال کے گول کی بدولت کھاتہ کھولا،انھوں نے دوسرے ہی منٹ میں ملنے والے پنالٹی کارنر پر حریف ڈیفینڈرز کو لاجواب کردیا، پہلے ہاف کے اختتام تک مزید کوئی گول نہ بنا۔وقفے کے بعد واپڈا نے حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے حریف کی کمزوریوں کا بھرپور فائدہ اٹھایا، شہباز نے فیلڈ گول سے آغاز کیا، علیم بلال بھی پیچھے نہ رہے اور41ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر کامیاب کوشش سے اسکور 3-0کردیا۔




سلمان حسین کے فیلڈ گول نے حریف پر ایک اور ضرب لگائی، چند لمحے بعد ہی عاطف حسین نے ٹاپ آف ڈی پاس پر فلک کے ذریعے گول کرکے پولیس کو میچ میں واپسی کا راستہ دکھایا لیکن واپڈا کے فارورڈز نے دفاعی کھلاڑیوںکو اندھیروں میں دھکیل دیا، محمد عدنان نے 4منٹ بعد ہی فیلڈ گول کرکے اسکور 5-1کیا، رانا ظہیر کی طرف سے پنالٹی کارنر کو کار آمد بنائے جانے کے بعد عدنان نے بھی اپنا دوسرا گول داغ دیا، واپڈا کی طرف سے آٹھواں گول میچ کے 66 ویں منٹ میں محمد عمران نے کیا۔ تیسرے میچ کے پہلے ہاف میں سخت مقابلہ کرنے والی آرمی کی ٹیم وقفہ کے بعد شکست کو نہ ٹال سکی، نیشنل بینک نے چھٹے منٹ میں علی شان کی انفرادی کوشش سے برتری حاصل کی، آرمی نے مقابلہ برابر کرنے کے کئی سنہری مواقع گنوائے، بینک کو 17ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک ملا جس پر محمد توثیق گول کیپر کو ڈاج دینے میں کامیاب ہوگئے،آرمی کا جوابی حملہ 26ویں منٹ میں کامیاب ہوگیا جب سفیر حسین نے حریف کا دفاع پاش پاش کرکے اپنی ٹیم کا خسارہ کم کیا۔

دوسرے ہاف کی ابتدا میں محمد توثیق نے ایک اور پنالٹی کارنر کو کارآمد بناتے ہوئے اسکور 3-1کیا، سفیر حسین نے میچ کے 55ویں منٹ میں فیلڈ گول کیا لیکن آرمی کے دیگر فارورڈز مواقع گنواتے رہے، دفاعی کھلاڑیوں کے آگے نکل جانے کے بعد میچ کے آخری لمحات میں احمد زبیر نے نیشنل بینک کی طرف سے چوتھا گول کردیا۔ قبل ازیں ایونٹ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پی ایچ ایف کے صدر چوہدری اختر رسول تھے، اس موقع پر سیکریٹری رانا مجاہد علی،ایسوسی ایٹ سیکرٹری ارشد علی چوہدری، انجم سعید، خزانچی شاہد علی خان،ٹورنامنٹ کے آرگنائزنگ سیکریٹری اجمل خان لودھی، ڈائریکٹر سیکریٹری لیفٹیننٹ کرنل(ر) ندیم احمد بھٹی،معاون محمد شفقت، قومی ہاکی ٹیم کے کوچ طاہر زمان،اولمپئنز محمد دانش کلیم، خواجہ محمد جنید، ریحان بٹ بھی موجود تھے۔ جمعے کو ایونٹ کے مزید2 میچز کھیلے جائیں گے، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیمیں مقابل ہوں گی، واپڈا کا سامنا پورٹ قاسم اتھارٹی سے ہوگا۔
Load Next Story