عراق 3 خودکش دھماکے 41 افراد جاں بحق 90 زخمی

خودکش حملے کربلا جانے والے قافلوں پر درا، یوسفیہ، لطیفیہ شہروں میں ہوئے، زخمی ہونے والوں میں خواتین، بچے بھی شامل

جنوبی علاقے درا میں ایک خودکش بمبار نے خود کو شیعہ زائرین کے درمیان زور دار دھماکہ سے اڑا لیا۔فوٹو:اے ایف پی

ISLAMABAD:
عراق میں3 خودکش حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں41 افراد جاں بحق اور90 زخمی ہوگئے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق دارالحکومت بغداد کے جنوبی علاقے درا میں ایک خودکش بمبار نے خود کو شیعہ زائرین کے درمیان زور دار دھماکہ سے اڑا لیا جس میں20 افراد جاں بحق اور40 زخمی ہوگئے۔ زائرین بغداد سے کربلا جارہے تھے اور راستے میں ایک عارضی کیمپ میں کھانا اور مشروبات پی رہے تھے۔ مرنے والوں میں ایک صحافی مہاند محمد بھی شامل ہیں۔ حکام نے خودکش دھماکے میں ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔ بغداد کے جنوبی علاقے یوسفیہ میں ایک اور خودکش بمبار نے اپنے جسم کے ساتھ بندھی بارودی جیکٹ کو شیعہ زائرین کے درمیان جا کراڑا دی جس میں مزید8 افراد جاں بحق اور32 زخمی ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔




زخمیوں کو ہسپتال داخل کروا دیا گیا ہے۔ لطیفیہ میں ایک اور خودکش حملے میں8 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے، دریں اثناء ابوغریب میں فوجی وردی میں ملبوس مسلح افراد نے القاعدہ مخالف تنظیم کے ایک کارکن کے گھر میں گھس کرفائرنگ کردی جس میں القاعدہ مخالف تنظیم کا کارکن، اسکی بیوی اور 3 بچے جاں بحق ہوگئے اے ایف پی کے مطابق عراقی حکام نے دہشت گردی کے الزامات ثابت ہونے پر7 افراد کو پھانسی دیدی۔ ایک رپورٹ کے مطابق عراق میں رواں سال دہشت گردی کے الزامات کے تحت170 افراد کو پھانسی دی گئی ہے۔ اقوام متحدہ ، یورپی یونین اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے عراق میں دی جانے والی پھانسیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
Load Next Story