پنجاب کا فلور ملز کو گندم کی سپلائی بڑھانے کا فیصلہ

لاہور: حکومت پنجاب نے نجاب کا فلور ملز کو روزانہ 2 ہزار میٹرک ٹن گندم جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب حکومت نے مہنگائی کو قابو  کرنے کے لئے اہم اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے ان  اقدامات کی منظوری بھی  دے دی ہے، جس کے تحت حکومت پنجاب روزانہ کی بنیاد اپنی کارکردگی رپورٹ وزیراعظم کو ارسال کرے گی۔

حکومت پنجاب نے فلور ملز کو روزانہ مزید2 ہزار میٹرک ٹن گندم ریلیزز بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، اس وقت 17 ہزار میٹرک ٹن گندم روزانہ فلور ملز کو ریلیز کی جارہی ہے، اور گندم کی ریلیزز کو بتدریج 21 ہزار میٹرک ٹن روزانہ تک بڑھایا جائے گا۔

صوبائی حکومت نے پنجاب بھر میں قیمتوں اور آٹے کی فراہمی کے حوالے سے انسپکشن کمیٹیاں بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، متعلقہ منسٹرز، سیکرٹریز اور ضلعی آفیسرز کمیٹیوں میں شامل ہوں گے، انسپکشن کمیٹیاں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالےسے اپنا کردار ادا کریں گی۔

دوسری جانب مہنگائی کے خلاف ٹائیگر فورس کے کردار کا بھی تعین کردیا گیا ہے، ٹائیگر فورس مہنگائی کے خلاف تھرڈ پارٹی کے طور پر کام کرے گی، فورس براہ راست ایکشن نہیں لے گی بلکہ ایپ کے ذریعے حکومت کو فیڈ بیک دے گی۔

حکومت پنجاب کے مطابق فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبے بھر میں ذخیرہ اندوزی کو روکاجائے گا اور فلور ملز کو گندم کی ریلیزز کو سختی سے مانیٹر کیا جائے گا، کسی بھی قسم کی کرپشن کے خلاف زیر و ٹالرنس ہوگی، غفلت اور کرپشن میں ملوث آفیسرز اوردیگر افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ اشیائے خورد ونوش کی ریٹ لسٹیں آویزاں کرنے کو یقینی بنایا جائے گا، سرکاری ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی والے علاقوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کو عہدے سے ہٹا دیاجائے گا۔

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ پنجاب میں گنے کے کرشنگ سیزن کا آغاز 10 نومبر سے ہوگا، معاملہ کل کابینہ کے ایجنڈے پربھی رکھ لیا گیا ہے، جن بنیادی اشیائے ضروریہ کی کمی ہے انکو وفاقی حکومت کو امپورٹ کرنے کی سفارش کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ عوا م حکومت سے توقع کرتے ہیں کہ قیمتوں کو کنٹرول کیاجائے، حکومت عوامی توقعات پر پورا اترے گی، مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سختی قانونی ایکشن ہوگا۔