چھوٹے کرداروں سے فرق نہیں پڑتا آئٹم نمبر خوشی سے کرتی ہوں ماہی گل

اداکاری کا اپنا مزاج ہے اور یہ ہر کوئی نہیں کرسکتا،پنجابی اور ہندی فلموں میں اپنے کردار محنت سے ادا کرتی ہوں

’’بلٹ راجہ میںآئٹم سانگ پر میری پرفارمنس کو سراہا گیا،غیر روائتی کردار پسند نہیں ،اسکرپٹ کا انتخاب احتیاط سے کرتی ہوں،اداکارہ۔ فوٹو: فائل

پنجابی فلم ''ہوائیں'' (Hawayein)سے بالی ووڈ میں قدم رکھنے والی اداکارہ ماہی گل دوسری اداکارائوں سے قدرے مختلف شخصیت کی مالک ہیں کیونکہ انھیں فلموں میں چھوٹے کرداروں سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور وہ ایسے کردار بھی خوشی سے کرتی ہیں، بس انھیں اس میں اپنی پرفارمنس دکھانے کا موقع ملنا چاہیے۔

فلم ''ڈیوڈی'' میں پارو کے کردار سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ کسی فلم میں آئٹم نمبر پر پرفارم کرنے پر کوئی اعتراض نہیں کریں گی۔ اس کی وجہ بتاتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ ''کیری آن جٹا'' کی عکس بندی کے دوران مجھے محسوس ہوا کہ مجھ میں رقص کرنے کی صلاحیت ہے اور میں کسی آئٹم نمبر پر بھی بہتر پرفارم کرسکتی ہوں اور اب میرے پاس متعدد فلموں میں آئٹم نمبر کرنے کی پیشکشیں موجود ہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں فلم ''زنجیر'' میں ڈانس نمبر پر پرفارمنس پر خوش ہوں جب کہ سیف علی خان کی حال ہی میں سینما گھروں کی زینت بنائی جانے والی فلم ''بلٹ راجہ'' میں بھی آئٹم سانگ ڈونٹ ٹچ مائی باڈی پر میری پرفارمنس کو سراہا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ماہی کا کہنا تھا مجھے چھوٹے کرداروں سے کوئی فرق نہیں پڑتا اورنہ ہی بڑے کردار کرنا میری دلچسپی ہے بلکہ چھوٹے کردار بھی خوشی سے ادا کرتی مگر اس بات کو مدنظر رکھتی ہوں کہ اس میں مجھے اپنی پرفارمنس دکھانے کا موقع ملنا چاہیے۔ اسکرپٹ کا بہت احتیاط سے انتخاب کرتی ہوں اور غیرروائتی کردار منتخب کرنے کا فیصلہ نہیں کرتی۔

مجھے اسکرپٹ پسند آجائے تو میں فلم میں کام کرنے پر راضی ہوجاتی ہوں۔ایک سوال کے جواب میں ماہی کا کہنا تھا کہ پنجابی اور ہندی زبان کی فلموں میں اپنا کردار خوبی سے نبھایا ہے۔ اداکاری کا اپنا مزاج ہے اور یہ فن ہر کوئی نہیں کر سکتا۔ اپنی ذات کے اظہار کا بہترین ذریعہ بھی ہے اور دوسروں کو تفریح کے ساتھ فلاحی سبق بھی دیا جا سکتاہے۔ فلم ایک اجتماعی کوشش ہے، کیمرے کے پیچھے رہنے والوں کا بھی بہت اہم کردار ہوتا ہے اور میں سمجھتی ہوں کہ اچھی کہانی کے بغیر کوئی فلم بھی کامیابی حاصل نہیں کرسکتی۔بالی وڈ اداکارہ نے بتایا کہ پنجاب سے تعلق ہونے کی وجہ سے ہر بات سیدھی کرنے کا حوصلہ رکھتی ہوں۔آنے والی فلموں میں اپنے کام کی بنیاد پر داد کی طلبگار ہوں۔ واضح رہے کہ 19دسمبر 1975ء کو بھارتی پنجاب کے شہر چندی گڑھ میں پیدا ہونے والی 37سالہ اداکارہ نے فلمی کیریئر 2003ء میں فلم ''ہوائیں ''سے شروع کیا۔




اداکارہ کو انوراگ کیشپ کی فلم ''ڈیوڈی'' کے کردار پاروسے بڑی شہرت ملی اور یہ کردار اب تک شائقین کے ذہنوں پر نقش ہے۔یہ بنگالی ناول'' دیوداس'' کی ماڈرن ریمیک تھی، اس پر 2010ء میں اداکارہ کو بہترین پرفارمنس پر فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔ماہی گل نے پنجابی تھیٹر میں بھی فن کے جوہر دکھائے اور شائقین سے داد وصول کی ۔لائیو پرفارمنس کے کئی مواقع ملے اور وہ اپنی عمدہ پرفارمنس سے ہر بار سرخرو ہوئیں ،پہلی فلم کرنے پر انھیں متعدد فلموںمیں کام کرنے کی آفرز آئیں تاہم اداکارہ نے صرف منتخب فلموں میں کام کرنے کو ترجیح دی تاہم پنجاب سے خاص لگائو کے سبب پنجابی فلم میں کام کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہیں ۔اداکارہ کی دوسری فلم پنجابی ہی تھی جو ''خوشی مل گئی'' کے نام سے 2004میں سینماگھروں کی زینت بنائی گئی ۔2006کے دوران بھی پنجابی فلم ''صرف پنج دن''میں جلوہ گرہوئیں ۔2007میں ہندی فلم ''کھویا کھویا چاند''میں پرفارم کرکے شائقین کو اداکاری سے متاثرکیا ۔اسی سال پھر پنجابی فلم ''مٹی واجاں ماردی ''میں رانی کا کردار نبھایا ۔2008میں اسی زبان میں فلم ''چک دے پھٹے''میں کام کیا ۔

2009کے دوران پھر ہندی فلم ''گل لال '' میں مادھوری کے روپ میں جلوہ گرہوئیں ۔اسی سال فلم ''پل پل دل کے ساتھ ''اور ''آگے سے رائٹ ''میں اپنی ادائوں کے سحر سے شائقین کو گرویدہ بنایا ۔2010 میں اداکارہ نے فلم ''دبنگ'' میں کام کیا اور فلم ''مرچ''میں اسی سال آئٹم سانگ سے اپنی پرفارمنس کی دھاک بٹھا دی۔ پھر فلم ''اوٹ پٹانگ''اور ''ناٹ اے لو اسٹوری ''میں کردار نبھائے ۔2011میں ''صاحب بیوی اور گینگسٹر'' میں پرفارم کیا ۔ 2012میں فلم ''بڈھا ان اے ٹریفک جام''مکمل کروائی تاہم تاحال یہ فلم ریلیز کی منتظر ہے اور پھر پنجابی فلم ''کیری آن جٹا'' میں فن کے جوہر دکھائے۔ رواں سال کے دوران ماہی گل رواں سال کے دوران فلم بلٹ راجہ میں آئٹم سانگ پر جلوے دکھا چکی ہیں جب کہ اس کی دو پنچابی اور ایک ہندی فلم زیر تکمیل ہے اطلاعات کے مطابق اداکارہ اگلے برس ایک اور پنجابی فلم کیری آن جٹا کے سیکوئل کری آن جٹا 2 میں بھی جلوہ گر ہورہی ہیں۔
Load Next Story