بھارت نے پروٹیز پیسرز کا سحر توڑ دیا پجارا کی سنچری

کوہلی کے77رنز، ناقابل شکست191کی شراکت، ٹیم کی سبقت320تک پہنچ گئی

پہلی اننگز میں 36رنز کی برتری پانے والی مہمان ٹیم نے مجموعی سبقت320تک پہنچا دی۔فوٹو:اے ایف پی

بھارت نے پروٹیز پیسرز کا سحر توڑ دیا، جوہانسبرگ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 36رنز کی برتری پانے والی مہمان ٹیم نے مجموعی سبقت320تک پہنچا دی، چتیشور پجارا 135 اور ویرت کوہلی 77رنز کی ناقابل شکست اننگز سے میزبان بولرز کے صبر کا امتحان لیتے رہے۔

قبل ازیں ظہیر خان اور ایشانت شرما نے جنوبی افریقی ٹیل اینڈرز کا صفایا کرتے ہوئے بساط 244پر لپیٹ دی،آخری 4بیٹسمین صرف 31رنز کا اضافہ کرپائے، دونوں پیسرز نے 4،4 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق جوہانسبرگ ٹیسٹ کے تیسرے دن فلینڈراپنا اسکور 59تک پہنچانے کے بعد ظہیر خان کی گیند پر ایشون کو کیچ دے بیٹھے،ڈیل اسٹین 10رنز ہی بنا پائے،انھیں ایشانت شرما نے روہت شرما کی مدد سے میدان بدر کیا، ظہیر خان نے ڈو پلیسی(20) کی اننگز کا خاتمہ مہندرا دھونی کے تعاون سے کیا، پیسر نے مورن مورکل کو7پر بولڈ کرکے پروٹیز کی بساط 244پر لپیٹ دی۔




بھارت نے دوسری اننگز کا آغاز 36رنز کی برتری کے ساتھ کیا، ٹیم نے پہلی وکٹ 23پر گنوائی، شیکھر دھون کو فلینڈر نے 15رنز تک محدود رکھا، کیچ کا موقع جیک کیلسکو ملا، مرلی وجے نے39رنز جوڑ کر ٹوٹل 93تک پہنچایا لیکن کیلس کی گیند سے چھیڑ چھاڑ مہنگی پڑ گئی،کیچ وکٹوں کے پیچھے ڈی ویلیئرز نے لیا۔ ابتدا میں سوئنگ بولنگ پر کئی بار بال بال بچنے والے بھارتی بیٹسمین کریز پر کچھ وقت گزارنے کے بعد ایسا جم کر کھیلے کہ پروٹیز کو مزید خوشیاں منانے کا موقع نہ مل سکا، چتیشور پجارا(135) اور ویرت کوہلی(77) نے 191 رنز کی ناقابل شکست شراکت سے ٹیم کا ٹوٹل 2وکٹ پر 280 تک پہنچا دیا،320رنز کے خسارے کا شکار پروٹیز کیلیے شکست سے بچنا سخت چیلنج ثابت ہو گا۔
Load Next Story