کراچی چیمبر کے تعاون سے گڈز ٹرانسپورٹرز کو 2435 کروڑ ادا

اسحاق ڈارنے چیک دیے،حکومت چیمبر کی تجاویز پر آئندہ بھی عمل کریگی، عبداللہ ذکی پرامید

گڈزٹرانسپورٹرزکے نقصان کے ازالے، ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی پرحکومت وایف بی آرکی تعریف۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبداللہ ذکی نے گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے حکومت کے سنجیدہ اقدامات اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب گڈز ٹرانسپورٹرز کے نقصانات کے ازالے کے لیے24کروڑ35لاکھ روپے کی رقم کے اجرا کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ 27دسمبر 2007کوبینظیر بھٹو کی شہادت کے بعدپیش آنے والے مختلف واقعات میں گڈز ٹرانسپورٹرز کوخطیر نقصانات کاسامنا کرنا پڑا تھا تاہم اس رقم کے اجرا سے ان کے نقصات کا ازالہ ہو سکے گا۔

یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ میں گڈز ٹرانسپورٹرز کوچیک حوالے کرنے کی تقریب میں شرکت کے بعد ایک بیان میں کہی، تقریب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، بزنس مین گروپ کے وائس چیئرمین زبیرموتی والا، نائب صدر کے سی سی آئی محمدادریس، ممبر منیجنگ کمیٹی آصف نثار اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے نمائندے بھی شریک تھے۔عبداللہ ذکی نے کہاکہ کراچی چیمبرکی مداخلت کے نتیجے میں گڈز ٹرانسپوٹرزکے مسائل کوحل کرنے میں خاطر خواہ مدد ملی، کراچی چیمبر نے حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان پل کاکردارادا کیا جس سے معیشت کوسنگین نقصانات سے بچایا جاسکا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ کراچی چیمبر کاروبار دوست ماحول کویقینی بنانے کے لیے وقتاً فوقتا جو تجاویز حکومت کوارسال کرتا ہے حکومت ان پر ضرور غور کرے گی۔




انہوں نے یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کوکراچی چیمبر کی درخواست پر اپنے مطالبات کم کرنے پر خراج تحسین پیش کیااور کہاکہ کرچی چیمبر نے تمام ر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اسلام آباد میںموجود اعلیٰ حکام سے رابطے کیے تاکہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے جائزمطالبات منظورہو سکیں اور آج ان کا سب سے اہم مطالبہ پورا کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے متاثرین ٹرانسپورٹرزکے درمیان چیک تقسیم کیے۔ انہوں نے ایف بی آر کی جانب سے مال بردار گاڑیوں پر لاگو ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح کوکم کرکے2روپے فی کلو پر لائے جانے کے اقدام کو بھی خوش آئند قرار دیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اس موقع پر کے سی سی آئی کے صدر عبداللہ ذکی اور ان کی پوری ٹیم کی خدمات کوسراہا اور عبداللہ ذکی کوکراچی چیمبرکی خدمات کے اعتراف میں شیلڈ بھی پیش کی۔ گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے چیئرمین غلام یاسین خان، صدر خالد خان، سیکریٹری جنرل محمد شعیب خان نے مسائل کے حل میں کراچی چیمبرکے تعاون پر شکریہ ادا کیااور توقع ظاہر کی کہ کراچی چیمبر آئندہ بھی تعاون کایہ عمل جاری رکھے گا۔
Load Next Story