پاک بھارت اسپورٹس میلہ لاہور میں سجانے کی تجویز

شہباز شریف نے ہمسایہ ممالک کے درمیان کبڈی، ہاکی،کرکٹ اور ریسلنگ کے مقابلے لاہور میں کرانے کا اعلان بھی کیا تھا۔

پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن نے مارچ میں میزبانی کے لیے وزیر اعلیٰ کو خط لکھ دیا. فوٹو: فائل

پاکستان اور بھارتی کھلاڑیوں کے درمیان اسپورٹس میلہ سجانے کیلیے پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن میدان میں آ گئی، وزیر اعلیٰ کو دوسرے انڈو پاک گیمز لاہور میں کرانے کی تجویز دے دی۔

تفصیلات کے مطابق اسپورٹس ڈپلومیسی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات بنانے میں ہمیشہ موثر کردار ادا کیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے حال ہی میں بھارتی شہر لدھیانہ کے بابا گرونانک اسٹیڈیم میں کبڈی ورلڈ کپ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی تھی، انھوں نے ہمسایہ ممالک کے درمیان کبڈی، ہاکی،کرکٹ اور ریسلنگ کے مقابلے لاہور میں کرانے کا اعلان بھی کیا،اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ کو گذشتہ روز ایک خط لکھا، اس میں تحریر ہے کہ اگر حکومت پنجاب چاہے تو ہم کبڈی، ہاکی، سائیکلنگ، ایتھلیٹکس اور سوئمنگ سمیت 10 سے12 گیمز مارچ میں کرانے کے لیے تیار ہیں،اسے دوسرے انڈو پاک گیمز کا نام دیا گیا ہے۔




یاد رہے کہ پہلے مقابلے دسمبر 2004ء میں بھارتی پنجاب میں ہوئے تھی، دوسرے مرحلے میں میزبانی پاکستان کو کرنا تھی لیکن بعض وجوہات کی وجہ سے تاحال انعقاد نہیں ہو سکا۔ خط میں لکھاگیاکہ پہلی انڈو پاک گیمز کی وجہ سے جہاں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اچھے ہوئے وہیں عوام کو بھی ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملا، مستقبل قریب میں بھی گیمز کے ذریعے دونوں ممالک میں محبت کی فضا ایک بار پھر لائی جا سکتی ہے۔
Load Next Story