سوناکشی سنہا ’’تیور‘‘ میں ارجن کپور کی ہیروئن بنیں گی

بونی کپور کی پروڈکشن میں بنائی جانے والی فلم کی ہدایات امیت شرما دیں گے ،شوٹنگز آئندہ برس کے آغاز میں شروع ہوں گی

والدین کی طرح پسند کی شادی کروں گی، اپنے کام سے مطمئن ہوں، ’’تیور میں ارجن کپور کے ساتھ میری جوڑی شائقین کو پسند آئے گی، سوناکشی۔ فوٹو: فائل

فلمساز بونی کپور سائوتھ کی ہٹ فلم ''اوکاڈو'' کا ہندی ریمیک بنانے کی تیاری میں ہیں اور اطلاعات کے مطابق وہ تیور کے نام سے بنائے جانے والے ریمیک میں اپنے بیٹے ارجن کپور کو بطور ہیرو لیں گے جب کہ اداکارہ سوناکشی سنہا اس فلم میں ہیروئن کا رول ادا کررہی ہیں۔

کہانی کے مطابق ارجن کپور آگرہ کے رہائشی کبڈی کے چیمپئین کا کردار ادا کررہے ہیں جسے فلم کی ہیروئن سوناکشی سے محبت ہوجاتی ہے ۔فلم کی ہدایات امیت شرما دیں گے اور اس کی شوٹنگز آئندہ برس کے آغاز ہی میں شروع کردی جائیں گی ۔ اپنی اس فلم کے متعلق سوناکشی کا کہنا ہے میں ارجن کپور کو سونم ار ریحاکپور کے حوالے سے جانتی ہوں ۔میری خواہش تھی کہ اپنی نئی فلم میں کسی ایسے اداکار کے ساتھ ہیروئن کا رول کروں جس کے ساتھ میں پہلے کبھی سینما اسکرین پر نظر نہیں آئی ہوں ، تیور سے میری یہ خواہش پوری ہونے جارہی ہے ۔ میں اس فلم سے اپنے لیے آگے بڑھنے کی مزید راہیں دیکھ رہی ہوں ۔تیور کی کہانی بہت دلچسپ ہے اور میں اس کی شوٹنگز شروع ہونے کا بیتابی سے انتظار کررہی ہوں۔ارجن کپور کے ساتھ میری جوڑی شائقین کو پسند آئے گی ۔

دریں اثنا ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو کے دوران سوناکشی سنہا کا کہنا ہے کہ میں شادی اپنی پسند سے کروں گی۔ادکارہ کا کا کہناتھا کہ جیسے سب لوگوں کو علم ہے کہ میرے والدین نے لو میرج کی تھی اس لیے میں نے بھی ان پر واضح کردیا ہے کہ میں بھی لو میرج کروں گی تاہم میں ان دنوں اپنی فلموں کے سلسلہ میں بہت مصروف ہوں اور شادی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے یہ سال بہت اطمینان بخش گزارا ہے اور آنیوالے سال کے متعلق بھی بہت پرامید ہوں ۔اگلے سال ریلیز ہونے والی فلم ایکشن جیکسن کی شوٹنگ میں مصروف ہوں جب کہ میری اکشے کمار کے ساتھ فلم ہالی ڈے تقریباً مکمل ہوچکی ہے اور اگلے سال ہی میری ارجن کپور کے ساتھ ایک اور فلم جو سائوتھ کی فلم کا ریمیک ہے ریلیز ہوگی۔




اپنے بڑھتے ہوئے وزن اور ایک ہی طرح کے کرداروں کے متعلق سوناکشی کا کہنا تھا کہ بعض اوقات لوگ کسی اداکار کو اسی رول میں پسند کرتے ہیں جس میں وہ ایک مرتبہ نظر آچکاہے اور میرے ساتھ بھی ایسا ہی ہورہا ہے ناظرین مجھے ایک ہی طرح کی کرداروں میں دیکھنا پسند کرتے ہیں اور یہ درست ہے کہ یہ سب کچھ مجھ پر بری طرح اثر انداز ہو رہا ہے اسی لیے میں اپنے طور پر پوری کوشش کررہی ہوں کہ مزید منفی کرداروں میں نظر نہ آئوں جب کہ میں ایسے مثبت کردار کرنا چاہتی ہوں ۔ تاہم میں نے آج تک جتنی بھی فلموں میں کام کیا ہے پر بہت خوش ہوں اس کے باوجود میں اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کرسکتی کہ میں نے ابھی اتنا کچھ نہیں کیا کہ میری دوسری بڑی اداکارائوں کی طرح ایک پہچان ہو اور یہی وجہ ہے کہ لوگ میرے متعلق کچھ لکھنے کے لیے اچھے اور برے جواز تلاش کرتے رہتے ہیں ۔

واضح رہے کہ 26 سالہ اداکارہ نے 2010میں فلم دبنگ سے بالی ووڈ میں اپنے کیرئیر کاآغاز کیا۔2012 میں اس کی چار فلمیں '' رائوڈی راٹھور''، ''جوکر'' ، ''سن آف سردار'' اور ''دبنگ ٹو'' سینما گھروں کی زینت بنیں جب کہ اس برس اداکارہ نے فلم ''اوہ مائی گاڈ'' کے گانے ''گو گو گوندا'' پر اپنی پرفارمنس دکھائی۔ رواں سال کے دوران ہمت والا کے گانے اٹس فرائی ڈے پر پرفارم کیا جب کہ چار فلمیں'' لٹیرا'' ،ونس آپان اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ'' ۔ ''باس'' اور ''آر۔ راجکمار کو سینما گھروں کی زیندت بنایا گیا اگے برس سوناکشی کی تین فلمیں اجے دیوگن اور یامی گوتم کے ساتھ ایکشن جیکسن، اکشے کمار کے ساتھ ہالی ڈے اور ارجن کپور کے ساتھ تیور سینما گھروں کی زینت بنائی جائیںگی۔
Load Next Story