بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کر رہے ہیں امتیاز شیخ

پی پی سندھ میں مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کرے، میڈیا سے بات چیت

حیدرآباد: وزیر اعظم کے مشیر امتیاز شیخ میڈیا سے بات چیت کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

وزیراعظم کے معاون خصوصی و مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں نے صرف ایک نکاتی ایجنڈے پر متحدہ اپوزیشن بنائی ہے لیکن بلدیاتی الیکشن میں اتحاد کے حوالے سے ہمارے تمام آپشن کھلے ہیں تاہم ضلعی تنظیمات کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ الیکشن میں کامیابی کے لیے کسی سے بھی اتحاد کرسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے سول لائین میں مقامی رہنما سہیل جمالی کی رہائشگاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ فنکشنل لیگ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے بھرپور تیاری کر رہی ہے، فنکشنل لیگ میں کسی بھی قسم کا کوئی اختلاف نہیں اور نہ ہی پارٹی میں انہیں مائنس کیا جا رہا ہے۔




بلدیاتی الیکشن سے قبل ہی پیپلزپارٹی کی حکومت نے فنکشنل لیگ سمیت دیگر مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ گرم کیا ہوا ہے، خیرپور، سانگھڑ اور مٹیاری میں فنکشنل لیگ کے کارکنوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے انہیں گرفتارکیا گیا ہے اور جیلوں میں انہیں پھانسی گھاٹ میں رکھا جا رہا ہے جوکہ باعث مذمت ہے اور ان انتقامی کارروائیوں کا وزیراعظم پاکستان کو بھی نوٹس لینا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ فنکشنل لیگ کالاباغ ڈیم کے خلاف ہے،کراچی میں وفاق آپریشن کر رہا ہے جس کے اچھے نتائج برآمد ہورہے ہیں، اندرون سندھ بھی وامان کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور وہاں اغوا برائے تاوان، لوٹ مار اور دیگر جرائم کی وارداتیں ہورہی ہیں لیکن وہ سندھ حکومت کو دیکھائی نہیں دے رہے ہیں۔
Load Next Story