قومی شپنگ کمپنی نے ریکارڈ منافع حاصل کرلیا

پی این ایس سی نے پہلی سہ ماہی میں 859 ملین کا بعد از ٹیکس منافع کرلیا جو گزشتہ سہ ماہی کے مدمقابل 74 فیصد زیادہ ہے

منافع گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی کے مدمقابل 74 فیصد زیادہ ہے۔ فوٹو: فائل

قومی شپنگ کمپنی نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران عالمی تجارت دباؤ میں ہونے کے باوجود آپریشنز جاری رکھتے ہوئے ریکارڈ منافع حاصل کرلیا۔

کووڈ 19 کے سخت دور میں بھی پی این ایس سی کے آپریشنز کامیابی سے جاری ہیں، اس وبا کے سخت چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود پاکستانی معیشت میں ریکوری کی علامت ظاہر ہونے لگی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور ایل ایس ایم میں بہتری معیشت میں استحکام اور ترقی کی ابتدائی علامات ہیں۔

پی این ایس سی گروپ نے مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 859 ملین کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کرلیا۔ یہ منافع گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی کے مدمقابل 74 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال کی سہ ماہی میں یہی منافع 495 ملین روپے تھا۔ اسی طرح پی این ایس سی کا فی حصص منافع (ای پی ایس) بڑھ کر 6.50 روپے فی حصص ہوگیا جو کہ گزشتہ سال اسی سہ ماہی میں 3.75 روپے فی حصص تھا۔


ڈرائی بلک کی چارٹر مارکیٹ مسلسل گرنے اور جہاز چارٹر کرنے کے نرخ کم ہونے کے سبب بین الاقوامی بلک فریٹ ریٹس دباؤ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے کورونا وبا کے دوران ڈرائی بلک کارگو کی ٹاپ لائن کمپنیوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے تاہم اس کے باوجود پی این ایس سی گروپ نے 30 ستمبر 2020ء کو ختم ہونے والی مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں قابل ستائش کامیابی حاصل کی اور گزشتہ سال کے بہترین نتائج کا تسلسل برقرار رکھا۔

گروپ نے اس سال 3971 ملین روپے کا ٹرن اوور حاصل کیا جو گزشتہ برس اسی عرصے میں 3274 ملین روپے تھا۔ دوسری جانب فارن چارٹر سیگمنٹ کے محصولات میں زبردست اضافہ ہوا ہے یعنی 73 فیصد اضافے کے ساتھ 410 ملین روپے سے بڑھ کر 709 ملین روپے تک جاپہنچا ہے۔

ٹینکرز کے سیگمنٹ کی آمدنی میں 19 فیصد اضافہ ہوا جو پہلے 2079 ملین روپے تھی اور اب 2467 ملین روپے ہوچکی ہے تاہم بلک کیریئر سیگمنٹ میں کمی واقع ہوئی جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 586 ملین سے 468 ملین روپے تھی۔اس کی وجہ بالٹک ڈرائی انڈیکس میں اوسط کمی ہے جو گزشتہ برس 2037 تھی اور اس سال اسی عرصے میں کم ہوکر 1521 ہوگئی ہے۔

اس طرح مجموعی منافع میں 34 فیصد اضافہ ہوا ہے جو گزشتہ برس اسی عرصے میں 977 ملین روپے تھا اور اب 1308 ملین روپے ہوچکا ہے۔
Load Next Story