نیب نے کرپشن کے300سے زائدہائی پروفائل کیسز کھول دیے

پیپلزپارٹی،متحدہ،ق اورن لیگ کے رہنماشامل ہیں ، 4سال ان کیسز پرکارروائی رکی رہی.

مقدمات تحقیقاتی مراحل میں ہیں،کوئی کیس تاحال کسی احتساب عدالت نہیں بھیجاگیا۔ فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو(نیب ) نے گزشتہ حکومت کی جانب سے متعدد سیاستدانوں اور بیورو کریٹس کے خلاف کرپشن کیسزکونظر انداز کرنے کی پالیسی تبدیل کرتے ہوئے300سے زائدہائی پروفائل کیسزکھول دئے، جن سیاست دانوں کے خلاف یہ کیس کھولے گئے ہیں ان کاتعلق پیپلز پارٹی،متحدہ قومی موومنٹ، ق لیگ اور حکمراں جماعت ن لیگ سے ہے۔

نیب کی اس پیش رفت سے ناہیدخان، غلام مصطفٰی کھر،آفتاب احمدشیرپاؤ،اسلم بزنجواورن لیگ کی سابق حکومت میں کھلی کچھری سیل کے نگران خواجہ ریاض محمودکیخلاف کیس کھولے گئے ہیں۔نیب کے ایک اعلٰی افسرنے نام نہ ظاہرکرنے کی شرط پر بتایاکہ ان مقدمات پرپچھلے4سالوں سے مختلف وجوہات کی بناپرکوئی کارروائی نہیںکی جاسکی۔یہ مقدمات تحقیقاتی مراحل میں ہیں،ان میں سے کوئی کیس تاحال کسی احتساب عدالت نہیں بھیجا گیا۔




خیال رہے کہ نیب کے سابق چیئرمین ایڈمرل فصیح بخاری نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہاتھا کہ وہ سیاست دانوں کے خلاف زیرالتوا مقدمے دوبارہ کھولنا چاہتے ہیں لیکن اس وقت کے صدرآصف علی زرداری نے انہیں ایسا نہ کرنے اور ان زیر التوامقدمات کو دبائے رکھنے کی ہدایت کی تھی۔اب نیب کی زیرالتوا مقدموں پر خصوصی کمیٹی نے ادارے کے علاقائی ہیڈکواٹرزکوایک سے4ہفتے کاوقت دیتے ہوئے ان کیسوں پرمزیدکارروائی کے حوالے سے اپنی رپورٹس بھیجنے کہاہے۔
Load Next Story