لیاری میں پولیس مقابلوں پر ایک مجرم کو 29 دوسرے کو 19 سال قید کا حکم

مجرم ندیم نے 2018ء میں لیاری کلاکوٹ میں دکان میں ڈکیتی کی تھی

مجرم ندیم نے 2018ء میں لیاری کلاکوٹ میں دکان میں ڈکیتی کی تھی۔ فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے لیاری کلاکوٹ میں ڈکیتی اور پولیس مقابلے کے مقدموں میں مجرم ندیم کو مجموعی طور پر 29 سال قید بامشقت اور ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانے کا حکم دے دیا۔

کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشت گردی کمپلیکس کے اندر قائم خصوصی عدالت نے لیاری کلاکوٹ میں ڈکیتی اور پولیس مقابلے کے مقدموں کا فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ندیم کو مجموعی طور پر 29 سال قید بامشقت اور ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانے کا حکم دیا۔ عدالت فیصلے میں کہا ہے کہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر مجرم کو مزید 18 ماہ قید بامشقت بھگتنا ہوگی۔

استغاثہ کے مطابق مجرم ندیم نے 2018ء میں لیاری کلاکوٹ میں دکان میں ڈکیتی کی تھی،مجرم کو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا۔


دریں اثنا انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ماڑی پور میں پولیس مقابلے اور دھماکا خیز مواد رکھنے کے مقدمات میں مجرم شاویز کو مجموعی طور پر 19 سال قید جبکہ ساتھی مجرم راشد حسین کو مجموعی طور پر 12 سال قید بامشقت کی سزا سنادی۔

کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں قائم خصوصی عدالت نے ماڑی پور میں پولیس مقابلے اور دھماکا خیز مواد رکھنے کے مقدمات کا فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم شاویز کو مجموعی طور پر 19 سال قید بامشقت اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی۔

استغاثہ کے مطابق مجرم کے خلاف پولیس مقابلے، غیر قانونی اسلحہ اور دھماکا خیز مواد رکھنے کے الزامات تھے۔ عدالت نے مجرم کے ساتھی راشد حسین کو مجموعی طور پر 12 سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔

استغاثہ کے مطابق مجرم راشد حسین کے خلاف پولیس مقابلہ اور غیر قانونی اسلحے کے الزامات تھے۔ ملزمان کو ہاکس بے روڈ سے ماڑی پور پولیس نے گرفتار کرکے اسلحہ اور دستی بم برآمد کیا تھا۔
Load Next Story