کامن ویلتھ وایشین گیمزپی ایچ ایف کا عارف حسن سے رابطے کا فیصلہ

درخواست موصول ہونے پر قومی ہاکی ٹیم کی ہر ممکن مدد کریں گے، پی او اے

کوریا میں ہونے والی ایشین گیمز میں بھی قومی ہاکی ٹیم کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔ فوٹو: فائل

پی ایچ ایف نے کامن ویلتھ اورایشین گیمزمیں قومی ہاکی ٹیم کی شرکت کیلیے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عارف حسن گروپ کوخط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

عارف حسن کا کہنا ہے کہ اظہار دلچسپی کی درخواست موصول ہونے پر گرین شرٹس کی گیمز میں شمولیت یقینی بنانے کیلیے ہرممکن کوشش کریں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے متوازی دھڑے بننے کی وجہ سے قومی کھیل ہاکی سمیت دیگر گیمز کے بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت ممکن نہیں رہی، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اوراولمپک کونسل آف ایشیا عارف حسن کی سربراہی میں کام کرنے والی پی او اے کو تسلیم کرتی ہیں جبکہ اکرم ساہی گروپ کو حکومت کی تائید و حمایت حاصل ہے۔




پی او اے کے باربار یاد دہانی کے باوجود پی ایچ ایف نے رابطہ کرنے اور ایونٹس میں شرکت کیلیے اظہار دلچسپی جمع کروانے سے گریز کیا جس کی وجہ سے ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد گلاسگو میں شیڈول کامن ویلتھ گیمز کے منتظمین نے پاکستان کی جگہ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کی ٹیم کو شامل کرلیا۔

کوریا میں ہونے والی ایشین گیمز میں بھی قومی ہاکی ٹیم کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے،اس ایونٹ کے منتظمین بھی عارف حسن گروپ کے تحت بھجوائے جانے والے اظہار دلچسپی کو تسلیم کرینگے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نو منتخب صدر اختر رسول کی سربراہی میں قائم پی ایچ ایف کی نئی منیجمنٹ نے پی او اے عارف حسن گروپ کو ان گیمز میں شرکت کو یقینی بنانے کیلیے جلد خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب پی او اے کی صدر عارف حسن کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہونے پر قومی ہاکی ٹیم کی گیمز میں شرکت کو یقینی بنانے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔
Load Next Story