سوہا کی ’’مسٹر جوبی کا رول ہو‘‘ کی تشہیری مہم جاری فلم 3 جنوری کو ریلیز ہوگی

ڈیڑھ کروڑ روپے سے بننے والی فلم کے ہدایتکارسمیر تیواری اورمیوزک ڈائریکٹر امرتیا روہت ہیں

فلم کی ناکامی پر دل ٹوٹ جاتا ہے ، مزاح سے بھر پور’’مسٹر جوبی کارول ہو‘‘ دیکھنے والوں کے لیے بہترین تفریح ثابت ہوگی ،سوہا علی خان۔ فوٹو: فائل

بھارتی اداکارہ سوہاعلی خان کی کامیڈی فلم ''مسٹر جوبی کارول ہو''3 جنوری 2014 کو سینما گھروں کی زینت بنائی جائے گی ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی تکمیل کے بعد اب اس کی تشہیری مہم زور شور سے جاری ہے ۔ ڈیڑھ سو کروڑ روپے سے بنائی جانیوالی فلم کی ہدایات سمیر تیواری نے دی ہیں جب کہ سوہا علی خان کے ساتھ ارشد وارثی مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ فلم کے پروڈیوسر بھولا رام اور شیتل ملویا اور اس کے میوزک ڈائریکٹر امرتیا روہت ہیں ۔فلم کی شوٹنگز گوا ممبئی اور بنگلور میں کی گئی ہے دیگر کاسٹ میں جاوید جعفری، وجے راز، شکتی کپور، ورجیش ہیرجی، راجیش بلوانی ، گیتا بسرا ، کرشمہ کوٹک، رنجیت ، ہمانی شیوپوری ، مجوج جوشی، سنہل دھابی ، وریندرا سکسینا ، بابئل سپریو شامل ہیں جب کہ کنال کھیمو نے کیمو اپرینس دی ہے۔ فلم میں سوہا علی خان منفرد نوعیت کے ایکشن کردار میں جلوہ گر ہورہی ہیں۔ ہدایتکار سمیر تیواری کا کہنا ہے کہ مجھے پورا یقین ہے کہ یہ فلم مداحوں میں پذیرائی حاصل کرے گی اور اچھا بزنس کرے گی۔

دریں اثنا ایک انٹرویو کے د وران سوہا علی خان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے ہمیشہ میرے متعلق یہ سوچا ہے کہ میں ایک شاہی خاندان سے تعلق رکھنے کی وجہ سے فلموں میں آرہی ہوں حالانکہ یہ بالکل غلط ہے میں اپنے کام کی وجہ سے بالی ووڈ میںا ور چاہتی ہوں کہ میرے بارے میں اس قسم کا تاثر ختم ہوجانا چاہیے کیونکہ اگر کسی اداکار خصوصا اداکارہ پر یہ لیبل لگ جائے تو اس کا کیرئیر ختم ہوسکتاہے ۔ اپنی اس فلم کے متعلق بات کرتے ہوئے سوہا نے کہا کہ فلم ''مسٹر جوبی کارول ہو''ایک بہترین تفریح اور آئوٹنگ ثابت ہوگی ۔ اس فلم کی شوٹنگز کے دوران بہت سے ایسے دلچسپ واقعات ہوئے جنہوں نے مجھے بے ساختہ طور پرہنسنے پر مجبور کردیا ۔




میں نے اپنے ہدایتکار سمیر تیواری سے کہا کہ اگر ان واقعات کو سینما اسکرین پر دکھایا جائے تو یہ فلم دیکھنے والوں کے لیے بہت دلچسپی کا باعث ہوگا جس پر وہ آمادہ ہوگئے اور انھیں باقاعدہ فلم بند کرلیا گیا اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی اس کامیڈی فلم کو دیکھے گا تو اسے یہ واقعات اپنی زندگی میں رونما ہوئے نظر آئیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ کسی اداکار کی جب کوئی فلم ناکام ہوجاتی ہے تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دل ٹوٹ سا گیاہے ۔ تاہم کسی کے لیے یہ کہنا ممکن نہیں ہوتا کہ اس کی فلم کامیاب کیوں نہیں ہوئی کیونکہ سبھی یہ کہتے ہیں کہ فلم اب تک ریلیز ہونے والی تمام فلموں سے بہتر ہے اس لیے کسی فلم کے متعلق اس کی ناکامی پر منتقی رائے دینا درست نہیں ہوتا۔ واضح رہے کہ 4اکتوبر 1978کو نواب پٹودی خاندان میں پیدا ہونے والی 34سالہ اداکارہ نے ابتدائی تعلیم دہلی کے اسکول سے حاصل کی ۔

اداکارہ کے والد بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نواب منصور علی خان پٹودی کا آبائی ملک افغانستان تھا اور مادری زبان بھی پشتو رہی ہے ۔بھارت میں ان کے خاندان کے سلسلے صدیوں پرانے ہیں ۔اداکارہ کی والدہ شرمیلا ٹیگور نواب منصور سے شادی کے بعد مسلمان ہوگئیں اور نام رضہ رکھ لیا ۔بھائی سیف علی خان نے بھی ماں کی طرح بھارتی فلم انڈسٹر ی میں نام کمایا ۔تاہم سوہا کی بہن صبا علی خان ایک فیشن ڈیزائنر ہیں ۔سوہا نے فلمی سفر کا آغاز 2004میں فلم ''دل مانگے مور''سے کیا ۔اس فلم میں سوہا علی خان نے اداکار شاہد کپور اور آشہ ٹاکیہ کے ساتھ کام کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ 2005ء میں اداکارہ کی بنگالی فلم ''انتارمحل''میں عمدہ پرفارمنس کو نقادوں نے ابھی تک ذہن میں رکھا ہے اور انھیں ہر بار اس فلم میں اچھی اداکاری کا کریڈٹ دیا جاتا ہے۔

2006ء میں اداکارہ کی فلم ''رنگ دے بسنتی ''میں پرفارمنس پر انھیں خوب سراہا گیا ۔اسی سال ان کی عمدہ پرفارمنس نے فلم ''کھویا کھویا چاند''کو چارچاند لگادیے یہ فلم بھی باکس آفس پر کامیاباں سمیٹنے میں سرفہرست رہی ۔اس کے بعد 13نومبر 2009ء کو سینماگھروں کی زینت بنائی جانیوالی فلم ''تم ملے'' میں سوہا کی عمران ہاشمی کے مدمقابل اداکاری نے بالی وڈ حلقوں کو گرویدہ بنالیا۔یہ فلم اگرچہ کمرشلی کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی تاہم سوہا کی پرفارمنس کو سراہاگیا ۔2005میں شروع ہونے والی اس فلم میں اداکارہ نے لیڈنگ لیڈی رول نبھایا ۔2010میں بننے والی فلم ''ممبئی کٹنگ''میں جلوہ گرہوئیں ۔اسی سال فلم ''تیرا کیا ہوگا جانی ''اور پھر 2011میں فلم ''سائونڈ ٹریک''میں گوری کا کردار نبھایا ۔2012میں سوہا کی تین فلمیں سینماگھروں کی زینت بنائی گئیں۔ 2013 میں دو فلمیں ''صاحب بیوی اور غلام '' اور ''وار چھوڑ نہ یار'' سینما گھروں کی زینت بنائی گئیں ۔اطلاعات کے مطابق اداکارہ کی دوفلموں ''آئیر پورٹ '' اور ''چار فٹیہ چھوکریہ'' کی شوٹنگز جاری ہیں اور انھیں بھی آنے والے سال میں ریلیز کیاجائے گا۔واضح رہے کہ 2007کے دوران سوہا نے تین اہم ایوارڈ جیتے ۔جن میں ایفا ایوارڈ،گیفا ایوارڈ اور سب سے فیورٹ ایوارڈ شامل ہیں ۔
Load Next Story