جعلی ریفنڈز کیلیے کاغذی یونٹس کی سیلز ٹیکس رجسٹریشن کا انکشاف

بڑے پیمانے پرجعلی یونٹس کی رجسٹریشن ہورہی ہے، متعددکاسراغ لگالیا۔

بعض افراد کی نگرانی ہورہی ہے، تحقیقات جلد شروع ہوجائیگی، سینئر افسر۔ فوٹو: فائل

ملک بھر میں اربوں روپے کے جعلی سیلز ٹیکس ریفنڈ کلیمز کے لیے استعمال ہونے والے بڑی تعداد میں جعلی سیلزٹیکس رجسٹرڈ یونٹس کا انکشاف ہوا ہے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق یہ انکشاف ڈائریکٹریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کی طرف سے چیئرمین ایف بی آر کو بھجوائی جانیوالی رپورٹ میں کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک بھر کے ریجنل ٹیکس آفسز(آر ٹی اوز) میں بڑے پیمانے پر ایسے یونٹس کی سیلزٹیکس میں رجسٹریشن ہورہی ہے جن کا حقیقت میں کوئی وجود نہیں، یہ صرف کاغذی یونٹس ہیں جو سیلز ٹیکس ریفنڈ کلیمز کیلیے بوگس و جعلی انوائسز جاری کررہے ہیں، ڈائریکٹریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو نے متعدد بوگس اور جعلی سیلز ٹیکس رجسٹرڈ یونٹس کا سراغ لگایا ہے۔




اس بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ ان یونٹس کی رجسٹریشن میں مبینہ طور پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور فیلڈ فارمشنز کے حکام ملوث ہیں تاہم اس سلسلے میں جب ایف بی آر کے سینئر افسر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر کے علم میں جعلی سیلز ٹیکس رجسٹرڈ یونٹس کا معاملہ آیا ہے اور بڑے پیمانے پر سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے حوالے سے حامد حسین، شاہ رخ سمیت دیگر حکام کی باقاعدہ طور پر مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے، اس بارے میں جلد تحقیقات شروع کی جائیں گی اور تمام جعلی و بوگس سیلز ٹیکس رجسٹرڈ یونٹس کی رجسٹریشن منسوخ کی جائیگی اور ان کیخلاف کارروائی بھی کی جائیگی۔
Load Next Story