ترمیمی بلدیاتی آرڈیننس پر متحدہ سے بیک ڈور مذاکرات جاری ہیںجلد مفاہمت ہو جائیگی قائم علی شاہ

عمران خان شوق سے سندھ میں دھرنے دیں،سیکیورٹی فراہم کرینگے،پیپلزپارٹی مفاہمتی پالیسی پریقین رکھتی ہے،وزیراعلیٰ سندھ

پاکستان قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں بڑی قربانیوں کے بدولت آزاد ہوا،گورنر،وزیراعلیٰ۔ فوٹو : آن لائن

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے معاملے پرحکومت کی اپوزیشن کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور جلد ہی کوئی مفاہمتی حل مل جائے گا۔

یہ بات بدھ کی صبح گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان کے ہمراہ بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح کی 137ویں سالگرہ کے موقع پران کے مزار پرحاضری دینے اورفاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کی ۔دریں اثنا ایکسپریس نیوز کے مطابق لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس پر ایم کیو ایم سے بیک ڈور مذاکرات شروع ہو چکے ہیں،امید ہے اچھے نتائج نکلیں گے۔ مہنگائی وفاق کا معاملہ ہے،عمران خان شوق سے سندھ میں دھرنے دیں ہم سیکیورٹی فراہم کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ بینظیربھٹو شہید کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں جلسہ ہوگا،جس سے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس ہوا،جس میں انھیں 27دسمبر کو بینظیربھٹو کی برسی کے انتظامات اور سیکیورٹی پربریفنگ دی گئی۔ مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کہا کہ پی پی پی مفاہمتی پالیسی پر یقین رکھتی ہے اور اسی میں ہی ملک اور قوم کی بہتری ہے کہ ہم سب مل جل کراس مملکت کوایک فلاحی ریاست بنائیں جن کا خواب حضرت قائداعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے بلدیاتی انتخابات مارچ تک کرانے کی گزارش اس لیے کی تھی کہ ہم حلقہ بندیوں، دیگر جماعتوں سے مشاورت اور مفاہمت کے کام کو آسانی سے سرانجام دے کر اتفاق رائے سے اور پر امن ماحول میں انتخابات کرائیں ، لیکن دوستوںنے ساتھ نہ دیا بلکہ تنقیدکی،نتیجے میں ہمیں زیادہ وقت نہ مل سکا لیکن ہم اسی وقت کے اندر بھی انتخابات بہتر انداز میں کرانے کے لیے تیار ہیں بات چیت چل رہی ہے دوست تعاون کریں تو ہر مسئلہ حل ہو سکتا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اس وقت لوگوں کو عملاً بنیادی حقوق میسر ہیں اور عدالتیں آزاد ہیں یہ سب ملک میں جمہوریت کی وجہ سے ہے کہ آج معمولی سی غلطی یا زیادتی پرعدالتیں ازخود نوٹس لے کر لوگوں کو ریلیف مہیا کر رہی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ہم نے جمہوری اصولوں کے مطابق قانون سازی کے لیے تمام فریقین سے مشاورت کی اور اس کے بعد اکثریت رائے سے بلدیاتی ایکٹ پاس کیا ہے لیکن ہمارے دوستوں کو اگر کوئی شکوہ ہے تو ہم بات چیت کے لیے حاضر ہے اور بات چیت تو اس وقت بھی جاری ہے، انھوں نے کہا کہ ہم پیار، محبت،امن اور ملکی ترقی عوام کا فلاح چاہتے ہیں،جس کے لیے ہماری مدد کی جائے۔




وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج ہم بانی پاکستان کوخراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں بڑی قربانیوں کے بدولت آزاد ہوا لیکن بدقسمتی سے کچھ ہی وقت کے بعد آمریت کی نظر ہوگیا جس کی وجہ سے کئی عرصے تک آئین معطل اور لوگوں کے بنیادی حقوق ، سیاسی ، سماجی و اقتصادی حقوق پامال رہے ، ملک اور قوم ترقی سے محروم رہے ، لہذا ہم نے جمہوریت کی بحالی کے لیے تحریک چلائی،بڑی جانی ومالی قربانیاں دیں جن کی وجہ سے آج پاکستان کا عوام جمہوریت کے پھل سے آراستہ ہیں اس وقت ملک کو ایک متفقہ آئین اور لوگوں کے تمام بنیادی حقوق بحال ہیں،عدالتیں آزاد ہیں اور ہم ترقی کی راہ پر گامزن ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم اس وقت انتہاپسندی اوردہشت گردی جیسی لعنت کے خلاف جہاد میں مصروف عمل ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ ہمیں کبھی کبھی عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائدکرنی پڑتی ہے اور عوام کی سہولت کے لیے پابندی سے پہلے اطلاع عام دے دیتے ہیں تاکہ کسی شریف شہری کو تکلیف نہ اٹھانا پڑے ۔

انھوں نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب نہ تو موٹرسائیکل پر پابندی لگے گی اور نہ موبائل سروس بند ہوں گی اور لوگ ایک پرسکون ، پیار ، محبت والے ماحول میں اپنے روزمرہ کا کاروبار کر سکیں گے ۔لاڑکانہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق سرکٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی آرڈیننس پر ہم چاہتے ہیں کہ نہ صرف متحدہ بلکہ دیگر مخالف سیاسی جماعتوں سے بھی مذاکرات ہونے چاہیں ، حد سے زیادہ خفا ہونا بھی ٹھیک نہیں ہے، عمران خان سندھ میں جلسہ کریں، اگر انھوں نے کچھ کہا تو دیکھ لیں گے ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی ،صوبائی وزیر جیل خانہ جات منظور وسان اوردیگربھی موجود تھے۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے گزشتہ شب رات گئے سرکٹ ہاؤس سکھر میں اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی قوانین میں کی گئی ترامیم کے بارے میں عدالتی احکام پرعمل کیا جائے گا۔ حکومت سندھ بلدیاتی انتخابات شفاف اور غیر جانبدارانہ طریقے سے کرانا چاہتی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس موقع پرصوبائی وزیر اینٹی کرپشن و جیل خانہ جات منظور وسان نے کہا کہ ایم کیو ایم کو جلد مناکر حکومت کا حصہ بنالیا جائے گا،جلد ہی عوام اس سلسلے میں خوشخبری سنیں گے۔
Load Next Story