پاکستان کے سامنے سری لنکن ٹائیگرز بھیگی بلی بن گئے

سجدہ شکر ادا کرنے کے بعد کراؤڈ میں موجود اہل خانہ کی جانب فلائنگ کس، صہیب46 پر ناٹ آؤٹ رہے،سعید اجمل کی4وکٹیں

ابوظبی: چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز کی وکٹ کے حصول پر سعید اجمل کو وکٹ کیپر عمر اکمل کی مبارکباد۔ فوٹو: اے ایف پی

MUMBAI:
پاکستان کے سامنے سری لنکن ٹائیگرز بھیگی بلی بن گئے، میزبان نے چوتھے ون ڈے میں 8 وکٹ کی کامیابی کے ساتھ سیریز3-1 سے اپنے نام کرلی۔

جمعے کو آخری میچ رسمی کارروائی ثابت ہو گا، محمد حفیظ مہمان ٹیم کیلیے بدستور درد سر بنے رہے، انھوں نے چوتھے میچ میں تیسری سنچری جڑنے کے بعد سجدہ شکر ادا کیا اور پھر اٹھ کر کرائوڈ میں موجود اہل خانہ کی جانب فلائنگ کس بھیجا،گرین شرٹس نے226 رنز کا ہدف 2 وکٹ پر حاصل کیا، نائب کپتان113 اور صہیب مقصود 46 پر ناقابل شکست رہے، احمد شہزاد نے 44 رنز بنائے۔اس سے قبل آئی لینڈرز225 رنز پر آئوٹ ہوئے،ایک بار پھر ٹاپ آرڈر نے عمرگل کے سامنے ہتھیار ڈال دیے، سعید اجمل کا جادو بھی چل گیا، ایشان پریانجان نے ڈیبیو پر 74 رنز بنائے، سنگاکارا نے بھی ففٹی اسکور کی، اسپنر نے 4 اور پیسر نے3 وکٹیں لیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے 226 رنز کے ہدف کا تعاقب پُراعتماد انداز میں شروع کیا،31 کے مجموعی اسکور پر شرجیل خان کو صرف 13 رنز پر میتھیوز نے بولڈ کردیا، ایک بار پھر وکٹ پر احمد شہزاد اور حفیظ اکھٹے ہوئے اور اسکور کو 115 تک لے گئے، اوپنر اچھی طرح سیٹ دکھائی دے رہے تھے کہ اچانک سلپ میں سینانائیکے کو کیچ تھما بیٹھے، انھوں نے 56 بالز پر 5چوکوں سے مزین 44 رنز بنائے،اس کے بعد سری لنکن بولرز سر پیٹتے رہ گئے مگر انھیں مزید کوئی وکٹ نہیں ملی، حفیظ اور صہیب کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے 109 رنز کی ناقابل شکست شراکت ہوئی، اوپنر نے 119 بالز پر 2 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 113 رنز بنائے، صہیب نے 46 رنز 56 بالز پر اسکور کیے۔




اس سے پہلے سری لنکا نے ٹاس جیت کر حسب توقع پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر اس بار بھی عمر گل نے ٹاپ آرڈرکی دھجیاں بکھیر دیں، انھوں نے تین بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی، پہلی وکٹ کیلیے پیسر کو زیادہ محنت نہیں کرنا پڑی، باہر جاتی ہوئی چوتھی گیند کو کوشل پریرا (8)نے شارٹ کور کی جانب اچھال دیا جہاں مصباح الحق نے عمدگی سے کیچ تھام کر عمرگل کو والہانہ خوشیاں منانے کا موقع فراہم کیا، پیسر نے تلکارتنے دلشان کو آئوٹ سوئنگر پر بیٹ کیا اور پھر اگلی گیند سیدھی وکٹوں میں کی، دلشان سمجھے کہ یہ بھی باہر جائے گی لہذا انھوں نے بیٹ اٹھایا اور بیلز اڑگئیں، وہ بھی صرف 8 رنز بنا پائے، آٹھویں اوور میں عمر گل کا نشانہ دنیش چندیمل (5) بنے، اس بار بھی مصباح الحق نے شاندار انداز میں صرف ایک ہاتھ سے کیچ تھاما، سری لنکا نے چونکہ 2 نئے بیٹسمینوں کو ڈیبیو کرایا تھا اس لیے ٹیم کی خواہش تھی کہ تجربہ کار سنگاکارا رہنمائی کیلیے وکٹ پر موجود رہیں، انھوں نے بھی اس فرض کو نبھانے کی کوشش کی۔

سنگاکارا دوسرے اینڈ پر موجود ایشان پریانجان کی حوصلہ افزائی کرتے رہے، 24 سالہ بیٹسمین آغاز میں تھوڑے نروس نظر آئے اور ہر گیند کو بیک فٹ پر کھیل رہے تھے مگر جیسے ہی انھوں نے اپنی آٹھویں بال پر عمرگل کو ایکسٹرا کور کی جانب چوکا جڑا تو اعتماد بحال ہوگیا، ایک پل اور بیک فٹ پنچ سے عمرگل کے اوور میں ان کے تین چوکے ہوگئے، ان کے اور سنگاکارا کے درمیان کنٹرول میں دکھائی دینے والی پارٹنر شپ اچانک کنفیوژن کا شکار ہوگئی، سنگاکارا نے بیک پوائنٹ کی جانب شاٹ کھیلا اور بھاگ کھڑے ہوئے، دوسرے اینڈر سے پریانجان نے بھی ساتھ دیا جب سنگاکارا نے متبادل انور علی کو ڈائیو لگا کر گیند روکتے ہوئے دیکھا تو وہ رکے مگر اس وقت دیر ہوچکی تھی، شاہد آفریدی نے ان کے پہنچنے سے پہلے بیلز اڑا دیں۔

انھوں نے 51 رنز بنائے، پریانجان نے بائونڈریز کا سلسلہ جاری رکھا، اس طرح سری لنکا 150 کا ہندسہ عبور کرگیا تاہم پاور پلے کے آغاز پر ہی انھوں نے فائن لیگ کی جانب شاٹ کھیلنا چاہا مگر جنید خان کی گیند نے آف اسٹمپ اڑا دی، ایشان پریانجان نے 10 چوکوں کی مدد سے 93 بالز پر 74 رنز بنائے۔ نوان کولاسیکرا کا صرف ایک رن پر سعید اجمل نے اپنی گیند پر کیچ لیا، انجیلو میتھیوز 38 رنز پر اسپنر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اگلی بال پر اسپنر نے سچترا سینانائیکے کو صفر پر بولڈ کردیا تاہم وہ ہیٹ ٹرک مکمل نہیں کرپائے، کیریئر کا پہلا ون ڈے کھیلنے والے دوسرے سری لنکن بیٹسمین کتھوروان ویتھانگے27 رنز پر صہیب مقصود کا کیچ بنے کامیاب بولر جنید تھے، مالنگا کو صفر پر کاٹ بی ہائنڈ کرکے سعید اجمل نے سری لنکن اننگز کا 48.5 اوورز میں 225 پر خاتمہ کردیا، انھوں نے 4، عمرگل نے 3 جبکہ جنید نے 2 وکٹیں لیں۔
Load Next Story