پیسکو کا کنٹرول پختونخوا کو دینے کو تیار ہیں پرویز رشید

عمران کا مڈٹرم کامطالبہ نہ کرناقابل ستائش ہے، ڈی جی ایم اوز ملاقات خوش آئند ہے

مشرف کامستقبل عدالتوں سے وابستہ ہے، شیخ رشید کی پیشگوئیاں سچ نہیں ہوتیں,وفاقی وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان بلٹ نہیں بیلٹ سے بنا ہے، قائد اعظم محمد علی جناح نے پارلیمانی نظام سیاست کی بنیاد رکھی، بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، حکومت کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔

بدھ کو نواب کیفی کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو پیسکو دینے کیلیے تیار ہیں، ہم اس سلسلے میں عمران خان کی توجہ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ تحریک انصاف کی ریلی مال روڈ کی پیالی میں بند ہوجائے گی، عمران خان کا مڈٹرم الیکشن کا مطالبہ نہ کرنا خوش آئند ہے، پرویز مشرف کا مستقبل عدالتوں سے وابستہ ہے، عدالتیں بہتر انداز میں فیصلہ کریں گی، شیخ رشید کی پیش گوئیاں کبھی سچ ثابت نہیں ہوتیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ پہلے حکومتیں آمرانہ طریقے سے توڑی جاتی تھیں، موجودہ حکومت ووٹوں سے منتخب ہوکر آئی ہے، آئینی مدت پوری کر نا جمہوری حکومت کا حق ہے، حکومت طالبان کے ساتھ مذاکرات کیلیے قومی اتفاق رائے پیدا کررہی ہے۔




دریں اثنا ایوان صدر میں قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں پرویز رشید نے کہا کہ سیاسی رہنمائوں کو قوم کو مختلف موضوعات پر تقسیم کرنے سے گریز کرنا چاہیے، وقت کا تقاضا ہے کہ پوری قوم متحد ہو، پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کی ملاقات خوش آئند ہے ، دونوں ممالک آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہے ہیں ، توقع ہے باہمی تعلقات بہتر ہوںگے، دونوں ممالک کے درمیان محاذ آرائی کے بجائے تعاون پورے خطے کے مفاد میں ہے ، حکومتیں بدلنے سے تعلقات پر اثر نہیں پڑتا ، امن اور ترقی کیلیے دونوں ملکوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔
Load Next Story