امریکا کینیڈا برطانیہ فرانس میں کرسمس پر طوفان نے تباہی مچادی حادثات میں 25 افراد ہلاک

سیکڑوں زخمی، 10لاکھ سے زائد گھروں کی بجلی معطل، کرسمس تقریبات میں شرکت کے بجائے لوگ گھروں میں محصور

فرانس میں 90 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی آندھی اور طوفانی بارش نے نظام زندگی درہم برہم کردیا۔فوٹو:اے ایف پی

امریکا، کینیڈا، برطانیہ، فرانس سمیت کئی یورپی ممالک میں کرسمس کے موقع پر برفانی طوفان، تیز ہوائوںاور شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 25افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

طوفان سے کئی علاقوں میں سیکڑوں پروازیں منسوخ ہوگئیں جبکہ بجلی کانظام درہم برہم ہوگیا، 10لاکھ سے زائد گھروں کی بجلی معطل ہے، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا کے وسطی اور شمال مشرقی علاقے برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہیں۔ نیویارک، واشنگٹن اورشکاگو میں اندرون ملک7ہزار سے زائد فلائٹس کے شیڈول بھی متاثر ہوئے ہیں، امریکا میں5لاکھ سے زائد گھروں کی بجلی معطل ہے۔ امریکی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی علاقوں میں مزید برفباری کا امکان ہے۔ ادھر کینیڈا میں بھی برفانی طوفان اور تیز ہوائوں نے تباہی مچارکھی ہے، جہاں گیس جنریٹر کے حادثے میں 2 افراد بھی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں۔




برطانیہ کے کئی علاقوں میں 90میل فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جسکی وجہ سے ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہو گیا اور سیکڑوں گھروں کی بجلی معطل ہوگئی، لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ اور گیٹ وک ایئرپورٹ پر ہزاروں پروازیں متاثر ہوئیں،تیز ہوائوں کی وجہ سے تقریباً 10 ہزار کے قریب گھروں کی بجلی بھی معطل ہوگئی تھی ،مختلف حادثات میں5 افراد ہلاک ہوگئے، فرانس میں بھی طوفانی ہوائیں اور شدید بارشیں کرسمس کی تیاریوں میں خلل ڈالنے پہنچ گئیں، سرد موسم میں لاکھوں لوگ بجلی سے محروم ہیں، حادثات میں 4 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ فرانس میں 90 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی آندھی اور طوفانی بارش نے نظام زندگی درہم برہم کردیا۔ سیلابی صورت حال کے باعث کرسمس کی تقریبات میں شرکت کرنے والے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، نارمنڈی اور دیگر علاقوں میں تقریبا ڈھائی لاکھ گھر بجلی سے محروم ہیں۔
Load Next Story