عدالتی حکم عدولی پر پولیس حکام نے تھانیدار کو گرفتار کر لیا

ایڈیشنل آئی جی سندھ اور ڈی ایس پی ناظم آباد نے گرفتار تھانیدار کو ہتھکڑیاں لگاکر پیش کیا

ایس ایچ او ٹھٹھہ3 سال سے ڈکیتی کے مقدمے میں پیش ہونے سے انکاری تھا،پولیس حکام کی آئی جی کو جاری اظہار وجوہ ختم کرنیکی استدعا

عدالتی حکم عدولی کے مرتکب ٹھٹھہ کے تھانیدارکو ایڈیشنل آئی جی سندھ اور ڈی ایس پی ناظم آباد نے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا ۔

فاضل عدالت نے پولیس افسر کو جیل بھیج دیا، جمعرات کو مذکوہ افسران نے عدالتی حکم پر ٹھٹھہ کے تھانیدار اشوک کمار کو گرفتار کرکے ہتھکڑیاں لگاکر جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی غلام مرتضی میتلو کے روبرو پیش کیا اس موقع پر فاضل عدالت نے انسپکٹر کے بیج اسٹار اتارنے کا حکم دیا افسران نے عدالت کے حکم پر ایس ایچ او کے بیج اتارلیے جس پر فاضل عدالت نے حکم عدولی پر تھانیدار کو7 روز کیلیے جیل بھیج دیا، اس موقع پر پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ افسر کا بطور ایس ایچ او تبادلہ ٹھٹھہ ہوگیا تھا ۔




جس کے باعث اسکی گرفتاری میں تاخیر ہوئی اور آئی جی کو جاری کیے گئے اظہار وجوہ (شوکاز) نوٹس کو ختم کرنے کی استدعا کی، فاضل عدالت نے ڈکیتی کے مقدمے میں اس وقت کے تفتیشی افسر تھانہ ناظم آباد سب انسپکٹر اشوک کمار کو طلب کیا جو 3 برس گزرنے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوا تھا، استغاثہ کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ ناظم آباد میں مدعی سلیم سے اسلحے کے زور پر نقدی اور موبائل فون چھیننے کے الزام میں مقدمہ درج ہے، فاضل عدالت نے سماعت 2 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔
Load Next Story