’’بولنگ کوچ‘‘ نے آفریدی کی بیٹنگ فارم بحال کرادی

کھیلتے ہوئے ہلنے کی خامی پکڑ لی، گریز کرنے سے دوبارہ رنز بننے لگے، آل رائونڈر

اختلاف کے سبب جلد وطن واپس نہیں آیا،کچھ وقت فیملی کے ساتھ گزاروں گا۔ فوٹو: فائل

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ محمد اکرم نے شاہد آفریدی کی بیٹنگ فارم بھی بحال کرا دی، انھوں نے آل رائونڈر کی ایک خامی پکڑ کر اس سے گریز کا مشورہ دیا جس کے بعد وہ دوبارہ سے رنز بنانے لگے ہیں۔

آفریدی کے مطابق میں گیند کا سامنا کرنے سے قبل کریز پر ہلتا زیادہ تھا جس سے درست ہٹ نہیں لگتی تھی، اب ایسا نہیں کر رہا جس کا فائدہ ہونے لگا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ کچھ عرصے شاہدآفریدی کا بیٹ کچھ خاموش سا رہا جس کی وجہ سے ناقدین نے توپوں کا رخ انہی کی جانب کیا ہوا تھا، سری لنکا سے حالیہ سیریز کے دوران ان کی بیٹنگ میں ماضی جیسی جھلک نظر آئی، اب وہ عمدگی سے گیند کا سامنے کرتے ہوئے رنز بھی بنا رہے ہیں۔ ابوظبی سے وطن واپسی کے بعد نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں آفریدی نے بیٹنگ فارم میں واپسی کا کریڈٹ بولنگ کوچ کو دیا، انھوں نے کہا کہ محمد اکرم نے بیٹنگ کے دوران میرے زیادہ ہلنے کی نشاندہی کی، ان کے مطابق ''اسی وجہ سے درست انداز سے ہٹ نہیں لگتی،گیند آنے تک جسم کوساکت رکھاکرو'' میں نے اس مشورے پر عمل کیا تو دوبارہ رنز بننے لگے.




یو اے ای سے قبل از وقت واپسی کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میں کوئی لگی لپٹی رکھنے والا نہیں ہوں، اگر کسی سے اختلاف ہوتا تو سب کو فوراً پتا چل جاتا، میری بیٹی کی طبعیت خراب ہے جس کی وجہ سے آنا پڑا، ویسے بھی ہم سیریز جیت چکے اور پانچویں میچ میں شائد مجھے آرام کرایا جاتا۔ آل رائونڈر نے کہا کہ اب ایک ماہ گھر والوں کے ساتھ رہوں گا، اس دوران سخت ٹریننگ کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے مکمل تیار ہو سکوں، میری کوشش ہے کہ پاکستانی ٹیم کے زیادہ سے زیادہ کام آئوں۔آفریدی نے کہا کہ قومی ٹیم کی باڈی لینگوئج میں مثبت تبدیلی آ گئی جس کا اثر کارکردگی میں نظر آ رہا ہے، پلیئرز اگر اسی مثبت انداز میں کھیلتے رہے تو آئندہ بھی فتوحات ملتی رہیں گی، انھوں نے کہا کہ بیٹسمینوں نے امارات کی اچھی پچز اور کنڈیشنز کا عمدگی سے استعمال کیا، مصباح الحق کی زیرقیادت اچھاکمبی نیشن بن چکا اور کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھ رہے ہیں۔
Load Next Story