حفیظ کو عمدہ فارم پر انعام سے نواز دیا گیا ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی

سری لنکا کیخلاف عمرگل بھی ایکشن میں نظر آئیں گے، طویل عرصے بعد طلحہٰ کا انتخاب،آئوٹ آف فارم اظہرمنتخب،فیصل نظرانداز

پروٹیز کیخلاف یواے ای ٹیسٹ سیریز میں شامل محمد عرفان کو انجری کی وجہ سے آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا۔فوٹو:اے ایف پی/فائل

محمد حفیظ کو عمدہ فارم پر انعام سے نواز دیا گیا،آل رائونڈر کی سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلیے اسکواڈ میں واپسی ہوگئی۔

فٹنس مسائل سے نجات پانے والے عمر گل بھی ایکشن میں نظر آئینگے، طویل عرصے سے فراموش شدہ فاسٹ بولر محمد طلحہٰ کو ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر 4سال بعد گرین کیپ پہننے کا موقع فراہم کیا گیا،آئوٹ آف فارم اظہر علی پر بھی سلیکٹرز کا اعتماد برقرار رہا، انجرڈ محمد عرفان کو زیر غور نہیں لایا گیا، عمر امین اور ذوالفقار بابر ڈراپ ہوگئے، فیصل اقبال بھی منتخب نہ ہو سکے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا سے3 ٹیسٹ کی سیریز کیلیے مصباح الحق کی زیر قیادت15رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا، ون ڈے میں زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے محمد حفیظ ٹیسٹ ٹیم میں بھی واپس آ گئے،آل رائونڈر نے سری لنکا کیخلاف4 میچز میں3 سنچریاں بناکر اپنا کیس مضبوط کیا، ٹیسٹ میں مایوس کن کارکردگی کے سبب انھیں جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز سے ڈراپ کر دیا گیا تھا،اس دوران انھوں نے 10 اننگز میں صرف102رنز اسکور کیے تھے۔

فاسٹ بولر عمرگل نے تیسرے ون ڈے سے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی اختیار کرتے ہوئے حریف ٹیم پر دھاک بٹھا دی، تجربہ کار بولر کی موجودگی سے پیس بیٹری چارج اور دیگر بولرز کی کارکردگی بھی بہتر ہوگئی،اسی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے انھیں ٹیسٹ ٹیم میں بھی شامل کرلیا گیا۔ فاسٹ بولر محمد طلحہٰ ڈومیسٹک کرکٹ کی عمدہ کارکردگی کی بنا پر 4سال بعد سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے،پیسر نے کیریئر کا واحد ٹیسٹ مارچ 2009 میں کھیلا جو سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کی نذر ہوگیا تھا،2سال بعد دورئہ بنگلہ دیش میں اسکواڈ کا حصہ ہونے کے باوجود انھیں کھیلنے کا موقع نہ ملا، انگلینڈ سے یواے ای سیریز کے دوران انجری آڑے آگئی،اسکے بعد9 نئے پیسرز آزمائے گئے اور طلحہٰ کی جگہ نہ بن سکی۔




خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکامی کے باوجود اظہرعلی کو اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا، مڈل آرڈر بیٹسمین رواں سال 14 اننگز میں صرف2 نصف سنچریاں اسکور کر سکے ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتر کارکردگی کے باوجود فیصل اقبال کو منتخب نہیں کیا گیا، قومی ایونٹ میں ناقص فارم کے باوجود یونس خان کا تجربہ ٹیم میں جگہ بچانے کیلیے کافی سمجھا گیا، سلیکٹرز نے عدنان اکمل کو مزید مواقع دینے کا فیصلہ کیا ہے، ان کی وکٹ کیپنگ میں کارکردگی عمدہ رہی لیکن بیٹنگ میں نچلے نمبر پر آ کر زیادہ استقامت نہیں دکھا پائے ہیں۔اوپنرز میں خرم منظور اور شان مسعود نے اپنی جگہ برقرار رکھی، دونوں نے جنوبی افریقہ کیخلاف ابوظبی ٹیسٹ کی پہلی باری میں بالترتیب 146 اور 75 رنز بنائے لیکن اگلی تین اننگز میں بُری طرح ناکام رہے، خرم دبئی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔

پروٹیز کیخلاف یواے ای ٹیسٹ سیریز میں شامل محمد عرفان کو انجری کی وجہ سے آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا، عمر امین کو ناقص فارم اور ذوالفقار بابر کو دیگر3 اسپنرز کی موجودگی میں اضافی جانتے ہوئے ڈراپ کردیا گیا۔ اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، مصباح الحق ( کپتان)، خرم منظور، شان مسعود، احمد شہزاد، محمد حفیظ، اظہرعلی، یونس خان، اسد شفیق، عدنان اکمل، سعید اجمل، عبدالرحمان، عمرگل، جنید خان، راحت علی اور محمد طلحہٰ۔ پہلا ٹیسٹ 31 دسمبر سے ابوظبی میں شروع ہوگا، دوسرے میچ کا آغاز 8جنوری سے دبئی اور تیسرے کا 16 جنوری سے شارجہ میں ہونا ہے۔
Load Next Story