بدقسمتی ہے کہ ارکان پارلیمنٹ ٹیکس نہیں دیتے شاہد خاقان

جھوٹے اثاثے ظاہر کیے جاتے ہیں، جمشید دستی،علی محمد،نورعالم کی کل تک میں گفتگو

الیکشن کمیشن کو یہ اختیار ہونا چاہیے کہ ایسے لوگوں کو بے نقاب کرے۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ٹیکس دینا ہر کسی کی ذمے داری ہے چاہے وہ کوئی بھی ہو لیکن بہت بڑی بدقسمتی ہے کہ ہمارے ارکان پارلیمنٹ ہی ٹیکس نہیں دیتے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''کل تک'' میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ جو لوگ ٹیکس نہیں دیتے، ان کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا بوجھ برداشت کرنا پڑتا ہے ۔میں یہ مانتا ہوں کہ حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ ان ارکان اسمبلی سے پوچھے کہ اگر یہ گاڑیاں ان کی نہیں ہیں تو پھر کن کی ہیں۔ اثاثوں کے فارم میں بھی خرابی ہے ،ہوسکتا ہے کہ میاں نوازشریف کا رائیونڈ کا فارم ان کے نام پر نہ ہو، ممکن ہے کہ کسی بیٹے کے نام پر ہو۔ رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا کہ میں اپنے والد کے مکان میں والدہ کے ساتھ رہتا ہوں، غیرشادی شدہ ہوں اور خداکا شکر ہے کہ قومی اسمبلی کی تنخواہ سے میرا گزارہ ہوجاتا ہے۔ میں بس پر بھی سفر کرلیتا ہوں اگر کبھی کوئی ضرورت ہوتو دوست گاڑی دے دیتے ہیں۔میں نے حکومت سے کبھی جہاز کا ٹکٹ لیا اور نہ ہی ادویہ کی مد میں حکومت سے کچھ لیا ہے۔




ارکان اسمبلی ٹیکس بچانے کے لئے جھوٹے اثاثے ظاہر کرتے ہیں۔موجودہ ظاہر کیے جانیوالے اثاثوں میں بہت کچھ جھوٹ ہے،الیکشن کمیشن کو یہ اختیار ہونا چاہیے کہ ایسے لوگوں کو بے نقاب کرے۔پیپلزپارٹی کے رہنما نورعالم خان نے کہا کہ ارکان اسمبلی الیکشن کے روز سے ہی جھوٹ بولنا شروع کردیتے ہیں۔میرے اثاثے میرے نہیں ہیں، ابائو اجداد کے ہیں لیکن میں نے ان کو ظاہر کیا ہے ۔اگر ارکان اسمبلی اپنے آپ کو ایماندار کہتے ہیں تو پھر اپنے اثاثے تو درست ظاہر کریں۔تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ عمران خان کے تمام اثاثے ویب پر موجود ہیں اور اگر کسی کو کوئی شک ہے تو اس کو چیک کرسکتا ہے۔
Load Next Story