ٹور ادھورا کیوں چھوڑا جنوبی افریقہ انگلینڈ پر بھڑک اٹھا

انگلش بورڈ کی حرکت کاکوئی جواز نہیں،یہ سمجھتے ہیں تیسری دنیاکے ممالک ان جیسے اقدامات نہیں کر سکتے،زیک

آسٹریلیا، بھارت اور انگلینڈ خود کو ہر قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں،کینگروز کے ٹور پرآنے کا کوئی علم نہیں۔ فوٹو: فائل

ٹور ادھورا کیوں چھوڑا؟ جنوبی افریقہ، انگلینڈ پر بھڑک اٹھا جب کہ عبوری بورڈ کے چیئرمین زیک یعقوب نے کہاکہ انگلش بورڈ کی اس حرکت کا کوئی جواز نہیں ہے۔

انگلینڈ نے کورونا وائرس بائیوببل میں داخل ہونے کے خوف سے جنوبی افریقہ سے ون ڈے سیریز کھیلے بغیر ہی وطن واپسی کا فیصلہ کیا، اس کے 2 پلیئرز کی ٹیسٹ رپورٹ غلط طور پر مثبت آئی تاہم انھیں بعد ازاں لندن سے کلیئر قرار دیا گیا۔ کرکٹ جنوبی افریقہ انگلش ٹیم کے اس انداز میں ٹور ختم کرنے پر شدید برہم ہے۔

ورچیوئل پریس کانفرنس میں عبوری بورڈ کے چیئرمین زیک یعقوب بھی اپنا غصہ نہ چھپا سکے، انھوں نے کہا کہ انگلینڈ کی جانب سے ٹور ادھورا چھوڑنے کا کوئی بھی جواز نہیں دیا جا سکتا،2 پلیئرز کے غلط طور پر ٹیسٹ نتائج مثبت آئے اور انھوں نے میچز کھیلنے سے انکار کردیا، میں سمجھتا ہوں کہ یہ زیادہ تر نفسیاتی معاملہ تھا، ہمارے پروٹوکول میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں تھی، ہماری پوزیشن یہ ہے کہ ہم انگلینڈ پر کوئی الزام نہیں دھر رہے مگر حقیقت یہی ہے کہ اس سارے معاملے میں ان کا رویہ منفی رہا۔


چیئرمین زیک یعقوب نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ ہم کسی سے معافی چاہتے ہیں لیکن اگر وہ ہمارے بارے میں جھوٹ بولیں گے تو پھر ہم اپنا دفاع کریں گے۔ یوں ظاہر کیا جا رہا ہے جیسے سارا قصور ہمارا ہے، ہم سے صرف ایک غلطی ہوئی کہ ہم نے ان کو مہمان سمجھ کر نرمی برتی، زیک یعقوب نے یہ بات انگلش کرکٹرز کو گالف کھیلنے اور ان کے زیرتعمیر ایریا میں موجود نیٹس میں پریکٹس کے حوالے سے کہی۔

آسٹریلوی ٹیم کے دورے سے متعلق انھوں نے کہا کہ اس کا انحصار کرکٹ آسٹریلیا پر ہے، مجھے اس بارے میں کوئی معلومات نہیں مگر جہاں تک کرکٹ کی سیاست کے بارے میں جوکچھ میں جانتا ہوں وہ یہ ہے کہ کھیل کے 3 طاقتور ممالک آسٹریلیا، بھارت اور انگلینڈ خود کو ہر قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔

سری لنکن ٹیم کے ٹور سے متعلق زیک نے کہا کہ آئی لینڈرز اگلے ہفتے تک یہاں پہنچ جائیں گے اور ٹیسٹ سیریز اپنے شیڈول کے مطابق ہوگی۔
Load Next Story